رسائی کے لنکس

اقوامِ متحدہ کا افغانستان میں قید امریکی شہری کی صحت پر اظہارِ تشویش


  • امریکی شہری ریان کاربیٹ کو اقوام متحدہ کی نمائندہ کے مطابق کئی طبی مسائل درپیش ہیں۔
  • ریان کاربیٹ اور ان کا خاندان 2010 میں پہلی بار افغانستان گئے تھے۔
  • افغانستان میں کاربیٹ نے غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ کام کیا۔ جنوری 2022 میں وہ اپنے کاروباری ویزا کی تجدید کے لیے واپس افغانستان گئے۔
  • امریکی ترجمان نے کہا کہ "ہم ریان کی حراست کو غلط سمجھتے ہیں اور اُن کی فوری رہائی کے لیے کام جاری رکھیں گے۔"

اقوام متحدہ نے طالبان پر زور دیا ہے کہ وہ تقریباً دو سال سے افغانستان میں قید امریکی شہری ریان کاربیٹ کو فوری طبی امداد فراہم کریں تاکہ ان کی صحت کو ناقابل تلافی نقصان یا موت کے خطرے سے بچایا جا سکے۔

جنیوا میں گفتگو کرتے ہوئے عالمی ادارے کی خصوصی نمائندہ ایلس جِل ایڈورڈز نے کہا ہے کہ "طالبان کو بلا تاخیر ریان کاربیٹ کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔"

ان کے مطابق کاربیٹ امدادی کارکن ہیں جو بغیر کسی الزام کے جیل میں قید ہیں جس کی وجہ سے اُن کی جسمانی اور ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے۔

کاربیٹ کو اقوام متحدہ کی نمائندہ کے مطابق کئی طبی مسائل درپیش ہیں جن میں کان کی تکلیف اور وزن میں شدید کمی شامل ہیں۔ ایلس ایڈورڈ نے بتایا کہ کاربیٹ نے بارہا خودکشی اور خود کو نقصان پہنچانے کے ارادوں کا بھی اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ اگست 2021 میں طالبان کے کابل پر کنٹرول کے بعد سے وہاں کوئی امریکی سفارت کار موجود نہیں ہے۔

خصوصی نمائندہ نے بتایا کہ انہوں نے اس معاملے کو طالبان کے ساتھ براہ راست اٹھایا ہے۔

ریان کاربیٹ اور ان کا خاندان 2010 میں پہلی بار افغانستان گئے تھے۔ افغانستان میں کاربیٹ نے غیر سرکاری تنظیموں اور پھر 'بلوم افغانستان' کے تحت مختلف منصوبوں پر کام کیا۔

سن 2021 میں طالبان کے کابل پر قبضے کے بعد کاربیٹ اپنے خاندان کے ہمراہ افغانستان سے واپس چلے گئے تھے۔

تاہم انہون نے اپنی تنظیم کے ساتھ کام جاری رکھا۔ جنوری 2022 میں وہ اپنے کاروباری ویزا کی تجدید کے لیے واپس افغانستان گئے۔

کاربیٹ کے وکلا نے کہا کہ ان کے پاس قانون کے مطابق صحیح ویزا ہونے کے باوجود طالبان نے انہیں اگست 2022 میں اس وقت گرفتار کر لیا جب وہ اپنے عملے کو تنخواہ دینے اور تربیت دینے کے لیے واپس آئے۔

خیال رہے کہ ایک جرمن اور دو افغان شہریوں کو جنہیں کاربیٹ کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا بعدازاں رہا کر دیے گئے تھے۔

امریکہ کے اقوامِ متحدہ میں مشن کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ ایڈورڈز کے دفتر سے رابطے میں ہے اور اُن کی دیکھ بھال سے متعلق کوششوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔

اس خبر کے لیے مواد خبر رساں ادارے 'رائٹرز' سے لیا گیا ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG