رسائی کے لنکس

مداحوں کا انتظار ختم: عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی ممبئی میں شادی


بالی وڈ کی مشہور اداکار جوڑی عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور جمعرات کو ممبئی میں بالآخر رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جا رہے ہیں۔ شادی کی تمام تر تیاریاں مکمل ہیں اور اب بس مداحوں کو عالیہ اور رنبیر کی شادی کی تصاویر کا انتظار ہے۔

بدھ کو رنبیر کپور کی والدہ نے بھارتی میڈیا کو بیٹے کی شادی کی تاریخ کی تصدیق کی تھی۔

اداکار جوڑے کی شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔

رنبیر کپور کی بہن ردھیما کپور نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سفید رنگ کی ساڑھی میں تصویر شیئر کی جس کے کپشن میں انہوں لکھا ہے "میرے بھائی کی شادی۔"

اداکار کی والدہ نیتو کپور نے بھی اپنے اپنے مہندی لگے ہاتھوں کی تصویر اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر شیئر کی ہے۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق رنبیر اور عالیہ کی شادی کی تقریب جمعرات کو دوپہر تین بجے ہو گی جس میں 50 مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے جب کہ شادی کی تقریبات 18 اپریل تک جاری رہیں گی۔

'انڈیا ٹوڈے' کے مطابق عالیہ اپنی شادی کے موقع پر معروف بھارتی ڈیزائنر 'سبیاساچی' کا ڈیزائن کردہ عروسی جوڑا پہنیں گی جب کہ رنبیر کپور نے اس اہم دن کے لیے ڈیزائنر منیش ملہوترا کے لباس کا انتخاب کیا ہے۔

تاہم عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی جانب سے اپنی شادی سے متعلق باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا ۔

واضح رہے کہ حال ہی میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی پہلی فلم 'براہماسٹرا' کی شوٹنگ مکمل ہوئی ہے جو نو ستمبر 2022 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

ماضی میں اداکار رنبیر کپور کے پہلے اداکارہ کترینہ کیف اور پھر اداکارہ دپیکا پڈوکون کے ساتھ تعلقات کی خبریں سامنے آ چکی ہیں۔

رنبیر کپور اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ فلم 'عجب پریم کی غضب' کہانی میں اداکاری کر چکے ہیں جب کہ دپیکا اور رنبیر ایک ساتھ فلم 'یہ جوانی ہے دیوانی' اور 'تماشہ' میں کام کر چکے ہیں۔

عالیہ اور رنبیر کو پہلی بار ایک ساتھ سن 2018 میں اداکارہ سونم کپور کی شادی میں ایک دیکھا گیا تھا۔دونوں کی تقریب میں ایک ساتھ شرکت کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس کے بعد بالی وڈ میں دونوں کے تعلقات کی خبریں گردش کرنے لگی۔

بعد ازاں عالیہ اور رنبیر کو متعدد ایونٹس اور تقریبات میں ایک ساتھ دیکھا گیا۔ 2019 میں نئے سال کی تقریب میں عالیہ کی رنبیر کپور کے خاندان کے ساتھ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں۔

سن 2019 میں ہی جوڑے کو فلم فیئر ایوارڈ کی تقریب میں ساتھ دیکھا گیا تھا جس میں عالیہ اور رنبیر نے ڈھکے چھپے الفاظ میں ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کیا تھا۔

گزشتہ برس رنبیر کی سالگرہ کے موقع پر دونوں راجستھان ساتھ گئے تھے جس کی تصاویر عالیہ نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کی تھیں۔ اس کے علاوہ عالیہ نے دیوالی کے موقع پر بھی رنبیر کے ساتھ تصویر شیئر کی تھی۔

XS
SM
MD
LG