رسائی کے لنکس

امریکہ: فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس نے مینیو سے پیاز کیوں نکال دی؟


  • امریکہ کی مختلف ریاستوں میں 'ای کولائی' فوڈ پوائزننگ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
  • حکام کے مطابق اس انفیکشن سے 49 افراد متاثر ہوئے جن میں سے ایک کی موت ہو گئی۔
  • ای کولائی انفیکشنز کو میکڈونلڈز کے کوارٹر پاؤنڈر ہیم برگر سے جوڑا جا رہا ہے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق ممکنہ طور پر اس میں استعمال ہونے والی پیاز ای کولائی کا باعث ہو سکتی ہے۔
  • ای کولائی ایک بیکٹیریا ہے جو ماحول، خوراک، پانی، انسانوں اور جانوروں کی آنتوں میں پایا جاتا ہے: سی ڈی سی

امریکی فاسٹ فوڈ چین 'میکڈونلڈز' کے ایک برگر سے جڑے فوڈ پوائزننگ کے کیسز کے بعد مختلف امریکی ریسٹورنٹس نے اپنے مینیو آئٹمز سے تازہ پیاز نکالنا شروع کر دی ہے۔

امریکہ کی 10 ریاستوں میں ستمبر کے آخر اور اکتوبر کے اوائل میں ای کولائی فوڈ پوائزننگ کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے جس میں وفاقی صحت حکام کے مطابق کم از کم 49 افراد متاثر ہوئے اور ان میں سے ایک کی موت واقع ہو گئی۔

ان واقعات کے بعد انٹرنیشنل ریسٹورنٹس برینڈز اور میکڈونلڈز کے حریف 'برگر کنگ' اور کے ایف سی، پیزا ہٹ کو چلانے والے 'یم' برینڈ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مینیو آئٹمز سے تازہ پیاز کو ہٹا رہے ہیں۔

برگر کنگ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ برگر کنگ کے تقریباً 5 فی صد ریسٹورنٹس نے مینیو سے پیاز کو ہٹا دیا ہے۔

ای کولائی انفیکشنز کو میکڈونلڈز کے کوارٹر پاؤنڈر ہیم برگر سے جوڑا جا رہا ہے اور حکام کی ابتدائی تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر اس میں استعمال ہونے والی پیاز ای کولائی کا باعث ہو سکتی ہے۔

میکڈونلڈز کے کوارٹر پاؤنڈر کو کچی، کٹی ہوئی پیاز کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔

ان کیسز کے سامنے آنے کے بعد منگل کو میکڈونلڈز نے امریکہ میں اپنے تقریباً 20 فی صد ریستورانوں کے مینیو سے کوارٹر پاؤنڈر کو نکال دیا تھا۔

امریکہ میں صحتِ عامہ کے نگراں ادارے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پری وینشن (سی ڈی سی) کے مطابق ای کولائی انفیکشنز سے متاثر ہونے والے زیادہ تر لوگوں نے کہا تھا کہ بیمار ہونے سے قبل انہوں نے میکڈونلڈز کا کوارٹر پاؤنڈر ہیم برگر کھایا تھا۔

سی ڈی سی کے مطابق ای کولائی ایک بیکٹیریا ہے جو ماحول، خوراک، پانی، انسانوں اور جانوروں کی آنتوں میں پایا جاتا ہے۔

یہ انفیکشن شدید بیماری کا سبب بن سکتا ہے جس میں بخار، پیٹ درد اور خونی اسہال بھی شامل ہے۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق میکڈونلڈز کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ تازہ پیاز کا ذریعہ کیلی فورنیا میں قائم ایک کمپنی تھی۔

میکڈونلڈز کے عہدے داروں کے مطابق کیلی فورنیا کی 'ٹیلر فارمز' کی جانب سے ایک ڈسٹری بیوشن فیسیلٹی پر پیاز بھیجی گئی تھی۔ میکڈونلڈز کے مطابق کٹی ہوئی اس پیاز کو ہٹا دیا گیا ہے۔

برگر کنگ کے تقریباً پانچ فی صد اسٹورز کو بھی ٹیلر فارمز سے سپلائی ملتی ہے۔

لیکن کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے برگر کنگ نے ابھی تک صحت کے حکام سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی بیماری کے کوئی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

دوسری جانب 'کے ایف سی'، 'پیزا ہٹ' چلانے والی کمپنی یم کا کہنا ہے کہ ہم احتیاطاً پیاز کو ہٹا رہے ہیں۔

ادھر امریکہ بھر میں ریستورانوں کے بڑے ہول سیلر یو ایس فوڈز نے جمعرات کو کہا کہ ٹیلر فارمز نے رواں ہفتے چھلے ہوئے ثابت اور کٹی ہوئی پیلی پیاز کو واپس منگوا لیا ہے۔

یو ایس فوڈز کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹیلر فارمز کی کولوراڈو فیسیلٹی سے پیاز کو واپسی منگوایا گیا ہے۔ لیکن ہول سیلر کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ میکڈونلڈز کا سپلائر نہیں تھا اور واپسی منگوائی گئی چیزوں میں فاسٹ فوڈ چین کے ریستورانوں میں فروخت ہونے والی کوئی پروڈکٹ شامل نہیں ہے۔

ٹیلر فارمز نے فوری طور پر اس معاملے پر تبصرہ نہیں کیا ہے۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق امریکی فوڈ اور ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے بھی تصدیق کی ہے کہ میکڈونلڈز کی متاثرہ لوکیشنز پر سپلائی ٹیلر فارمز کی جانب سے ہی دی گئی تھی اور کمپنی نے رضاکارانہ طور پر واپسی کا آغاز کر دیا ہے۔

ایف ڈی اے کے ترجمان نے خبر رساں ادارے 'رائٹر' کو بتایا کہ پیلی پیاز اضافی فوڈ سروس والے صارفین کو فروخت کی گئی تھی اور ایسے صارفین کو پیاز واپس منگوانے سے متعلق بتا دیا گیا ہے۔

امریکہ کے ہیلتھ ریگولیٹر نے مزید کہا کہ وہ وفاقی اور ریاستی شراکت داروں اور اس میں شامل کمپنیوں کے ساتھ مل کر تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا پیاز ہی اس پھیلاؤ کا ذریعہ ہے۔

امریکی محکمۂ زراعت نے بدھ کو کہا تھا کہ تازہ پیاز اس پھیلاؤ کا ممکنہ ذریعہ ہے۔

ریگولیٹرز کی جانب سے اس بات کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہے کہ آیا میکڈونلڈز کی بیف پیٹیز بھی اس کی وجہ ہو سکتی ہے۔

امریکی محکمۂ زراعت نے بھی بدھ کو کہا تھا کہ ان کے ایک ریاستی پارٹنرز کی جانب سے بھی ای کولائی کے لیے گائے کے گوشت کے نمونوں کی جانچ کی جا رہی ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں اداروں 'ایسوسی ایٹڈ پریس' اور 'رائٹرز' سے لی گئی ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG