رسائی کے لنکس

سری لنکا میں میکڈونلڈز کے تمام اسٹورز بند


  • میکڈونلڈز نے سری لنکا میں اپنے تمام 12 اسٹورز بند کر دیے۔
  • میکڈونلڈز کے وکیل کے مطابق معیار برقرار نہ رکھنے کی وجہ سے کمپنی نے مقامی شراکت دار کے ساتھ معاہدہ ختم کر دیا۔
  • میکڈونلڈز نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سری لنکا میں نئی فرنچائز کے ساتھ مارکیٹ میں دوبارہ آئے گی۔

دنیا کے 100 سے زائد ملکوں میں کاروبار کرنے والی امریکی فاسٹ فوڈ چین 'میکڈونلڈز' نے سری لنکا میں اپنے تمام اسٹورز بند کر دیے ہیں۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق میکڈونلڈز کے وکیل نے بتایا ہے کہ سری لنکا کے مقامی شراکت دار کے ساتھ معاہدہ ختم ہونے کے بعد کمپنی نے سری لنکا میں موجود تمام 12 اسٹور بند کر دیے ہیں۔

میکڈونلڈز کے وکیل سنتھ وجے وردانے کا کہنا ہے کہ معیار برقرار نہ رکھنے کی وجہ سے کمپنی نے مقامی شراکت دار کے ساتھ معاہدہ ختم کر دیا، جس کے بعد اب سری لنکا میں کمپنی کی کوئی بھی برانچ آپریشنل نہیں ہے۔

وجے وردانے کے مطابق میکڈونلڈز نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ سری لنکا میں نئی فرنچائز کے ساتھ مارکیٹ میں دوبارہ آئے گی۔

واضح رہے کہ امریکی فاسٹ فوڈ چین میکڈونلڈز سری لنکا میں مقامی پارٹنر 'ابانز' کے ساتھ مل کر کاروبار کر رہی تھی اور دونوں شراکت داروں کے درمیان ابانز کے مطابق 1998 میں شراکت داری کا معاہدہ ہوا تھا۔

میکڈونلڈز کی جانب سے ابانز کے ساتھ کاروباری شراکت داری ختم کیے جانے سے متعلق سری لنکن پارٹنر نے فوری طور پر کوئی ردِ عمل نہیں دیا ہے۔

میکڈونلڈز کے وکیل نے مقامی شراکت دار کے ساتھ پیدا ہونے والے مسائل پر بات کرنے سے معذرت کی ہے۔ البتہ سری لنکن میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ ابانز کی جانب سے غیر معیاری اشیا کے استعمال کے الزامات پر میکڈونلڈز نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔

وجے وردانے کے مطابق فریقین کے درمیان کاروباری معاہدہ 20 مارچ کو ختم ہو گیا تھا لیکن اس کے باوجود اسٹورز چند روز تک کام جاری رکھے ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ میکڈونلڈز کے دنیا کے 118 ملکوں میں 40 ہزار سے زائد ریستوران ہیں۔ امریکہ میں سب سے زیادہ 14 ہزار میکڈونلڈز کی برانچز ہیں جب کہ جاپان، چین، جرمنی اور فرانس میں بھی سینکڑوں اسٹور ہیں۔

فورم

XS
SM
MD
LG