افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں ایک خودکش بم حملے میں کم از کم آٹھ فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
اتوار کی صبح خودکش بمبار نے بارود سے بھرے ایک چھوٹے ٹرک میں ایک فوجی اڈے کے قریب دھماکا کیا۔
طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اس میں ایک سو سے زائد افغان سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ لیکن طالبان اکثر اپنی کارروائیوں میں جانی نقصان کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے آئے ہیں۔
ہلمند افغانستان میں پوست کی ایک کاشت کرنے والا ایک بڑا صوبہ ہے جس کے اکثر اضلاع پر یا تو طالبان کا قبضہ ہے یا عسکریت پسند وہاں لڑائی میں مصروف ہیں۔
افغاں حکام کے بقول اتوار کو یہ خودکش حملہ جس علاقے میں ہوا، افغان سکیورٹی فورسز نے حال ہی میں اسے عسکریت پسندوں کے قبضے سے واگزار کروایا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ رواں ماہ کے اوائل سے طالبان کے ساتھ ہونے والی لڑائیوں اور ان کے حملوں میں سیکڑوں افغان سکیورٹی اہلکار مارے جا چکے ہیں جب کہ عسکریت پسندوں نے کئی ایک نئے علاقوں پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔
ملک میں سلامتی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر حال ہی میں افغان حکومت نے قانون سازوں کو بتایا تھا کہ مئی کے پہلے ہفتے میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں 252 سکیورٹی اہلکار ہلاک اور چار سو سے زائد زخمی ہوئے۔