رسائی کے لنکس

افغانستان: خودکش حملے میں چھ نیٹو فوجی ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

دریں اثنا افغانستان میں امریکی فورسز کے کمانڈر جنرل جان کیمبل نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں علاقائی صورت حال اور افغانستان میں امن و مصالحت کی کوششوں سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔

افغانستان میں عہدیداروں کا کہنا ہے کہ گشت پر مامور نیٹو اور افغان فورسز کی مشترکہ گاڑیوں پر بگرام کے ہوائی کے اڈے قریب ایک خودکش بمبار نے حملہ کیا ہے۔

اس حملے میں نیٹو کے چھ فوجی ہلاک ہو گئے، جب کہ زخمی چھ اہلکاروں میں بھی نیٹو کے تین فوجی شامل ہیں۔

ہلاک و زخمی ہونے والوں کی شہریت سے متعلق معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

صوبہ پروان کے پولیس سربراہ نے بتایا کہ زخمی ہونے والوں میں تین افغان پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق خودکش بمبار موٹر سائیکل پر سوار تھا۔

طالبان کے ترجمان نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ اس حملے میں 19 افراد ہلاک ہوئے جن میں اکثریت امریکی فوجیوں کی ہے۔

لیکن شدت پسند عموماً ایسے حملوں کے بعد نقصان کو بڑھا چڑھا پر پیش کرتے ہیں۔

اُدھر اطلاعات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک امریکی خاتون کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق امریکی خاتون کافی عرصے سے فلاحی کاموں میں مصروف تھیں۔

تاہم اُن کی ہلاکت کے محرکات سے متعلق حکام کی طرف سے تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

دریں اثنا افغانستان میں امریکی فورسز کے کمانڈر جنرل جان کیمبل نے پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں علاقائی صورت حال اور افغانستان میں امن و مصالحت کی کوششوں سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ ملاقات پیر کو راولپنڈی میں پاکستانی فوج کے صدر دفتر میں ہوئی۔ افغانستان میں تعینات اس وقت بین الاقوامی افواج کو ’ریزلیوٹ اسپورٹ مشن‘ کا نام دیا گیا ہے، اور جنرل جان کیمبل اُس مشن کے بھی سربراہ ہیں۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے ایک بیان کے مطابق راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اُمور، علاقائی صورت حال اور افغانستان میں امن و مصالحت کے موضوعات زیر غور آئے۔

XS
SM
MD
LG