رسائی کے لنکس

’افغانستان میں اربوں ڈالر مالیت کے منصوبے خطرے میں‘


افغان نیشنل پولیس کی ایک زیر تربیت اہلکار
افغان نیشنل پولیس کی ایک زیر تربیت اہلکار

افغانستان میں تعمیر نو کے عمل کی نگرانی کرنے والے اعلیٰ ترین امریکی عہدے دار نے کہا ہے کہ ناقص منصوبہ بندی اور کمزور انتظام کے باعث افغان فوج اور پولیس کی استعداد میں اضافے کی کوششیں متاثر ہو رہی ہیں اور امریکہ کی طرف سے خرچ کیے جانے والے اربوں ڈالر کے ضیاع کا خطرہ بھی پیدا ہو گیا ہے۔

آرنلڈ فیلڈز نے یہ بیان پیر کو واشنگٹن میں دوران جنگ ٹھیکوں سے متعلق کمیشن کے ایک اجلاس میں دیا۔

اُنھوں نے بتایا کہ افغانستان میں فوجی اڈوں کی تعمیر کا کام انتہائی سست رفتاری سے ہو رہا ہے اور یہ واضح نہیں کہ امریکی فوج آئندہ تقریباً دو سال کے دوران مطلوبہ تعداد میں فوجی اڈے اور تربیتی مراکز تعمیر کر پائے گی یا نہیں۔

’افغانستان میں اربوں ڈالر مالیت کے منصوبے خطرے میں‘
’افغانستان میں اربوں ڈالر مالیت کے منصوبے خطرے میں‘

فیلڈز کے مطابق امریکی فوج نے 2012ء کے اختتام تک 11.4 ارب ڈالر کے 884 منصوبے مکمل کرنا ہیں لیکن تاحال محض 133 منصوبوں پر کام مکمل کیا جا سکا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ امریکہ کے پاس ایسا کوئی مربوط منصوبہ موجود نہیں ہے جس میں ترجیحات کے تعین اور وسائل کے موثر استعمال کے علاوہ افغان حکومت کی ضروریات پر نظر رکھی جائے۔

فیلڈز نے کہا کہ ایک اور مشکل سوال یہ ہے کہ امریکہ کی مالی امداد کے بغیر افغان حکام ان فوجی تنصبات کا انتظام کس طرح چلائیں گے کیوں کہ موجودہ حالات میں ایسا کوئی اشارہ نہیں ملتا کہ افغان حکومت کے پاس اس حوالے سے مالی و تکنیکی وسائل موجود ہیں۔

XS
SM
MD
LG