رسائی کے لنکس

اکیڈمی ایوارڈز 2024: 'اوپن ہائمر' 13 نامزدگیوں کے ساتھ سرِفہرست


دس مارچ کو ہونے والے 96 ویں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزدگیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے، سب سے زیادہ کیٹیگریز میں نامزد ہونے والی فلموں میں 'اوپن ہائمر' اور 'پور تھنگز' شامل ہیں۔

منگل کو جاری ہونے والی فہرست کے مطابق 'اوپن ہائمر' نے 13 اور 'پور تھنگز' 13 کیٹیگریز میں نامزد ہوئی ہیں۔ 'کلرز آف دی فلاور مون' 10، 'باربی' آٹھ جب کہ 'مائسٹرو' سات نامزدگیوں کے ساتھ قابلِ ذکر ہیں۔

اکیڈمی ایوارڈز سے قبل ہونے والے گولڈن گلوب ایوارڈز میں بھی 'اوپن ہائمر' نے سب سے زیادہ ایوارڈ جیتے تھے اور امکان ہے کہ یہاں بھی میدان کرسٹوفر نولن کی فلم ہی مارے گی۔

'اوپن ہائمر'، ایٹم بم کے موجد رابرٹ اوپن ہائمر کی بائیو پک ہے جس میں کلین مرفی نے مرکزی کردار ادا کیا جب کہ ایملی بلنٹ اور رابرٹ ڈاؤنی جونیئر بھی اس کی کاسٹ میں شامل تھے اور تینوں ہی اداکار آسکرز کے لیے نامزد ہوئے ہیں۔


سب سے اہم سمجھی جانے والی بہترین فلم کی کیٹیگری میں 'باربی' اور 'اوپن ہائمر' کے ساتھ امریکن فکشن، 'ایناٹومی آف اے فال،' 'دی ہولڈ اوورز،' کلرز آف دی فلاور مون، مائسٹرو، پور تھنگز اور دی زون آف انٹریسٹ شامل ہیں۔

بہترین اداکار کی کیٹیگری میں 'اوپن ہائمر' کا کردار نبھانے والے کلین مرفی کے ساتھ ساتھ بریڈلی کوپر، کولمین ڈومنگو، پال جیاماٹی اور جیفری رائٹ شامل ہیں۔

بہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں انیٹ بیننگ، للی گلیڈاسٹون، ایما اسٹون اور ساندرا ہلر مدِمقابل ہوں گی۔

باربی کا مرکزی کردار ادا کربے والی اداکارہ مارگو روبی کو نامزد نہیں کیا گیا جس پر مداحوں نے حیرت کا اظہار کیا۔

بہترین معاون اداکار اور اداکارہ کی کیٹیگری میں بھی سخت مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ بہترین معاون اداکار کی لسٹ مین رابرٹ ڈی نیرو، رائن گوسلنگ، مارک رفلو، رابرٹ ڈاؤنی جونیئر اور اسٹرلنگ کے براؤن موجود ہیں۔

دوسری جانب بہترین معاون اداکارہ کی کیٹیگری کے لیے ایملی بلنٹ، ڈینئل بروکس، امیریکا فریرا، جوڈی فوسٹر اور ڈیوائن جوئے رینڈولف کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

بہترین ہدایت کار کی کیٹیگری میں جسٹین ٹریئٹ، مارٹن اسکورسیزی، کرسٹوفر نولن، یورگوس لینتھیموس اور جوناتھن گلیزر کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ 'باربی' کی ہدایت کارہ گریٹا گیروک کو اس کیٹیگری میں نامزد نہیں کیا گیا۔

اوریجنل سانگ کی کیٹیگری میں باربی فلم کے ساؤنڈ ٹریک سے دو گانے 'آئی ایم جسٹ کین' اور 'واٹ واز آئی میڈ فار' نامزد ہوئے ہیں جب کہ امیرکن سمفنی، فلیمنگ ہاٹ اور کلرز آف دی فلاور مون کا ایک ایک گیت بھی اس کیٹیگری میں شامل ہے۔

اکیانوے سالہ موسیقار جان ولیمز کو 'انڈیانا جونز اینڈ دے ڈائل آف ڈیسٹینی' کے لیے بہترین اوریجنل اسکور کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

وہ گزشتہ سال نوے سال کی عمر میں 'دی فیبلمینز' کے لیے نامزد ہو کر آسکرز کے لیے نامزد ہونے والے سب سے معمر شخص بن گئے تھے، اس سال انہوں نے اپنا ہی ریکارڈ بہتر کردیا۔

اس بار بہترین انٹرنیشنل فیچر فلم کی کیٹیگری میں اٹلی، جاپان، اسپین، جرمنی اور برطانیہ کی فلمیں نامزد ہوئیں۔

بہترین اینی میٹڈ فیچر فلم کے لیے ایلی مینٹل، اسپائیڈر مین اکروس دی اسپائیڈرورس، دی بوائے اینڈ دی ہیرن، نیمونا اور روبوٹ ڈریمز کے درمیان مقابلہ ہو گا۔

رواں سال اکیڈمی ایوارڈ کی تقریب میں جن فن کاروں کو اعزازی آسکر دیا جائے گا ان میں اداکارہ اینجلا بیسٹ، ہدایت کار میل بروکس اور ایڈیٹر کیرل لٹلٹن کے نام شامل ہیں۔

چھیانویں اکیڈمی ایوارڈ کی تقریب 10 مارچ کو لاس اینجلس میں ہو گی جس کی میزبانی کے فرائض مسلسل دوسرے سال معروف میزبان جمی کمیل انجام دیں گے۔

  • 16x9 Image

    عمیر علوی

    عمیر علوی 1998 سے شوبز اور اسپورٹس صحافت سے وابستہ ہیں۔ پاکستان کے نامور انگریزی اخبارات اور جرائد میں فلم، ٹی وی ڈراموں اور کتابوں پر ان کے تبصرے شائع ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ متعدد نام وَر ہالی وڈ، بالی وڈ اور پاکستانی اداکاروں کے انٹرویوز بھی کر چکے ہیں۔ عمیر علوی انڈین اور پاکستانی فلم میوزک کے دل دادہ ہیں اور مختلف موضوعات پر کتابیں جمع کرنا ان کا شوق ہے۔

فورم

XS
SM
MD
LG