رسائی کے لنکس

قائداعظم یونیورسٹی کا شعبہ طبعیات ڈاکٹر عبدالسلام کے نام سے منسوب


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزیراعظم نے ’’پروفیسر عبدالسلام فیلوشپ‘‘ کے نام سے ایک پروگرام کی بھی منظوری دی

وزیراعظم نوازشریف نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم ایک بڑی سرکاری درس گاہ ’قائداعظم یونیورسٹی‘ کے شعبہ طبیعات کا نام تبدیل کر کے اب اسے نوبل امن انعام یافتہ ڈاکٹر عبدالسلام کے نام سے منسوب کرنے کی منظوری دی ہے۔

اب سرکاری یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کا نام ’’پروفیسر عبدالسلام سینیٹر فار فزکس‘‘ ہو گا۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی وزارت برائے تعلیم و فنی مہارت سے کہا ہے کہ وہ قائداعظم یونیورسٹی کے شعبہ فزکس کے نام کی تبدیلی سے متعلق سمری منظوری کے لیے بھیجوائے تاکہ اُسے صدر مملکت کے سامنے رکھا جائے۔

وزیراعظم نے ’’پروفیسر عبدالسلام فیلوشپ‘‘ کے نام سے ایک پروگرام کی بھی منظوری دی، جس کے تحت ہر سال فزکس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے پانچ طالب علموں کو ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے توسط سے ’پی ایچ ڈی‘ کے لیے بین الاقوامی یونیورسٹوں میں بھیجا جائے گا۔

سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے یہ فیصلہ پاکستانی ڈاکٹر عبدالسلام کی شعبہ طبیعات میں خدمات کے اعتراف میں کیا۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر عبدالسلام کو 1979 میں فزکس کا نوبل انعام دیا گیا تھا، وہ پاکستان کی پہلی شخصیت تھے جنہیں نوبل انعام سے نوازا گیا۔

بیان کے مطابق ڈاکٹر عبدالسلام کی کامیابیاں اس بات کی حقدار ہیں کہ اُن کا اعتراف کیا جائے۔

ڈاکٹر عبدالسلام نے 1960 سے 1974 تک حکومت پاکستان میں بطور مشیر برائے سائنس کام کیا، جب کہ 1998 میں جب پاکستان نے جوہری دھماکے کیے ڈاکٹر عبدالسلام کے نام سے ایک یادگاری ٹکٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG