رسائی کے لنکس

ڈویلیئرز کی 'پی ایس ایل' کا پانچواں سیزن کھیلنے سے معذرت


فائل فوٹو
فائل فوٹو

جنوبی افریقہ کے جارح مزاج بلے باز اے بی ڈویلیئرز پاکستان سپر لیگ کے پانچویں سیزن کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔ پاکستان سپر لیگ کے لیے کھلاڑیوں کی بولی چھ دسمبر کو ہو گی۔

کرکٹ ویب سائٹ 'کرک انفو' کے مطابق ڈویلیئرز دیگر ایونٹس میں مصروفیت کے باعث پی ایس ایل نہیں کھیل سکیں گے۔

اے بی ڈویلیئرز نے آخری بار رواں سال ستمبر میں انگلینڈ میں ہونے والے وائٹلٹی بلاسٹ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں بھی مڈل سیکس کی نمائندگی کی تھی۔ لیکن توقع ہے کہ وہ بگ بیش لیگ میں برسبین ہیٹ اور اس کے بعد انڈین پریمیئر لیگ میں رائل چیلنجرز بنگلور کی طرف سے کھیلیں گے۔

آئی پی ایل کے بعد وہ برسبین ہیٹ کے دوسرے ہاف میں دستیاب ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل سیزن فائیو پاکستان میں کرانے کے سوال پر اے بی ڈویلیئرزکا کہنا تھا کہ انہوں نے کام کے بوجھ کو متوازن رکھنے کے لیے یہ فیصلہ کیا ہے۔

گزشتہ سیزن میں ڈی ویلیئرز سے لاہور قلندرز نے متحدہ عرب امارات میں سات اور پاکستان میں دو میچز کے لیے معاہدہ کیا تھا لیکن انجری کی وجہ سے وہ پاکستان نہیں آ سکے تھے۔

پی ایس ایل میں اے بی ڈویلیئرز کی شرکت کو بڑی کامیابی قرار دیا جارہا تھا اور پی سی بی کی بھرپور کوشش تھی کہ زیادہ سے زیادہ بڑے کھلاڑیوں کو پاکستان سپر لیگ کا حصہ بنایا جائے۔

اے بی نے بھی پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کیا اورسات میچوں میں 54 اعشاریہ 50 کی اوسط سے 218 رنز بنائے۔

ڈویلیئرز اب تک ہونے والے پی ایس ایل کے چارمیں سے دو سیزنز کا حصہ رہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG