رسائی کے لنکس

ڈیولیئرز پی ایس ایل کھیلنے پاکستان نہیں آئیں گے


فائل ٖفوٹو
فائل ٖفوٹو

جنوبی افریقا کے بیٹسمین اے بی ڈیولیئرز پی ایس ایل کے پاکستان میں ہونے والے میچز نہیں کھیلیں گے۔

لاہور قلندرز نے مسٹر 360 سے متحدہ عرب امارات میں ہونے والے سات اور لاہور میں ہونے والے دو میچز کے لئے معاہدہ کیا تھا لیکن کمر میں تکلیف کے باعث وہ لاہور میں ہونے والے میچز نہیں کھیل سکیں گے۔

واضح رہے کہ لاہور میں ہونے والے میچز بھی اب کراچی منتقل کردیئے گئے ہیں۔

پریس کو جاری کیے گئے ایک بیان میں ڈیولیئرز نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے پرجوش کرکٹ شائقین کے سامنے نہیں کھیل سکیں گے۔

ڈیولیئر کا کہنا ہے کہ اُن کے ڈاکٹرز نے اُنہیں دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں ہونے والے میچز میں شرکت امکان نہیں۔

جنوبی افریقی بیٹسمین نے آئندہ سال بھی پی ایس ایل میں شرکت کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے حالیہ سیزن میں لاہور قلندرز کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

لاہو قلندرز نے ایونٹ میں سات میچز کھیلے ہیں، تین جیتے اور چار میں شکست ہوئی، یوں وہ 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

اے بی ڈیولیئرز نےرواں سیزن میں لاہور قلندر کی جانب سے سات میچوں میں 128 کے اسٹرائیک ریٹ سے مجموعی طور پر 218 رنز بنائے جس میں ایک نصف سنچری بھی شامل ہے۔

پاکستان سپر لیگ کا متحدہ عرب امارات مرحلہ 5 مارچ کو ختم ہورہا ہے جس کے بعد فائنل سمیت ایونٹ کے باقی میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 9 مارچ کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔

XS
SM
MD
LG