رسائی کے لنکس

امریکہ کی پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے مزید 3 کروڑ ڈالر کی امداد


پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی محفوظ مقام پر منتقلی (فائل فوٹو)
پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی محفوظ مقام پر منتقلی (فائل فوٹو)

امریکہ نے جمعرات کواعلان کیا ہے کہ وہ پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے متاثریین کے لیے مزید 3 کروڑ ڈالر کی امداد دے گا۔ اس طرح اس سال واشنگٹن کی طرف سے اسلام آباد کو سیلاب کی تباہی سے نمٹنے کے لیے کل 9 کروڑ ستّرلالھ ڈالر تک کی امداد دی جا چکی ہے۔

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے صوبہ سندھ کے دورے کے موقعے پرنئی فنڈنگ کا اعلان کیا۔واضح رہے کہ یہ صوبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے

امریکی سفیر بلوم نے کہاکہ "ہم ابتداء ہی سے پاکستان کے لوگوں کی مدد کے لیے یہاں موجود ہیں اور سب سے زیادہ خطرے میں گھری آبادیوں کی مدد کر رہے ہیں۔ ان نئے فنڈز کے ساتھ، امریکہ اپنے موجودہ امدادی پروگراموں میں توسیع کرے گا، جس سے یو ایس ایڈ پاکستان میں 18 لاکھ سے زیادہ لوگوں تک رسائی حاصل کر سکے گا،"

امریکی سفارت خانے کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نئی فنڈنگ سے زندگی بچانے والی خوراک، غذائیت والی اشیاء ، پناہ گاہوں کی فراہمی، موسم سرما کی کٹس اور صحت سے متعلق امداد فراہم کی جائے گی تاکہ سیلاب کے اثرات کے نتیجے میں بڑھتے ہوئے غذائی عدم تحفظ اورغذائی قلت کوکم کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ ان کوششوں کی بھی حمایت کی جائےگی جن کا مقصد سیلابی پانی جمع ہو جانے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی بیماریوں میں اضافے کو روکنا ہے۔

دوسری طرف اقوام متحدہ نے جمعرات کو کہا کہ پاکستان کی سات فیصد زمین اب بھی زیر آب ہے، ادارے نے انتباہ کیا ہے کہ سانس کی بیماریوں میں اضافے کے علاوہ دیگر امراض کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے بیان میں کہا گیا ہےکہ ہرچند پانی کم ہو رہا ہے، لیکن اب امدادی کشتیوں کو چلانے کے لیے وافر پانی نہیں ہے۔ اس سے ان علاقوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، جہاں ابھی تک رسائی نہیں ہو سکی ہے۔

بے گھر خاندان خیموں میں پناہ لیے (فائل فوٹو)
بے گھر خاندان خیموں میں پناہ لیے (فائل فوٹو)

اقوام متحدہ نے اس ماہ کے شروع میں تباہی کے پیمانے کا جائزہ لینے اورپانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ خوراک کے عدم تحفظ کے بڑھتے ہوئے خدشے کے پیش نظر پاکستان کے لیے اپنی بین الاقوامی انسانی امداد کی اپیل کو 16 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 816 ملین ڈالر کر دیا ہے.

بیان میں کہا گیا ہے کہ اپیل کے جواب میں23فیصد یا 11 کروڑ ڈالرامداد کا وعدہ کیا جا چکا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اگر مزید فنڈز نہیں ملے توغذائی امداد کے لیے فنڈز سال کے آخر تک ختم ہو سکتے ہیں ۔ ایک اندازے کے مطابق دسمبر سے مارچ 2023 تک تقریباً ڈیڑھ کروڑ افراد کو ہنگامی خوراک کی امداد کی ضرورت ہے"

پاکستانی حکام نے سیلاب سے تقریباً 40 ارب ڈالر کے نقصان کا تخمینہ لگایا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ تقریباً 22 کروڑ آبادی والے ملک کومالی امداد فراہم کرنے کے لیے مزید کام کرے۔

پاکستان کا موقف ہے کہ پاکستان عالمی سطح پرگرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے1 فیصد سے بھی کم کا ذمے دار ہے، جبکہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے آفات کا شکار ہونے والے سرفہرست 10 ممالک میں اس کا شمارہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG