جماعتِ اسلامی کا آٹھ فروری کے انتخابات پر وائٹ پیپر لانے کا اعلان
جماعتِ اسلامی نے آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات پر وائٹ پیپر لانے کا اعلان کر دیا ہے اور کہا ہے کہ انتخابی نتائج کے تمام پہلوؤں کو قوم کے سامنے لایا جائے گا۔
جماعتِ اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے لاہور میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے الزام عائد کیا کہ انتخابی نتیجے کے فارم 45 کے تمام نتائج فارم 47 میں تبدیل کر دیے گئے ہیں اور جماعتِ اسلامی نے تمام تفصیلات اکٹھی کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں حلقوں کو ٹارگٹ کر کے جیتی ہوئی نشستیں چھینی گئیں اور امیدواروں کی کامیابی کے اعلانات کے بعد نتائج تبدیل کیے گئے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ انتخابی نتائج تبدیل کیے جانے کے خلاف جماعتِ اسلامی عدالت سے رجوع کرے گی۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ انتخابات میں ان کی جماعت کو توقعات کے مطابق نتائج نہیں ملے اور وہ اسے تسلیم بھی کرتے ہیں۔
افغان خواجہ سراہوں کو تنگ نہ کیا جائے، پشاور ہائی کورٹ کی ہدایت
- By شمیم شاہد
پشاور ہائی کورٹ نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ افغانستان سے نقل مکانی کر کے آ کر بسنے والے 16 خواجہ سراؤں کو تنگ نہ کیا جائے جب کہ عدالت نے اس معاملے پر حکومت سے جواب بھی طلب کر لیا ہے۔
جسٹس شکیل احمد اور جسٹس وقار احمد پر مشتمل دو رکنی بینچ نے جمعرات کو 16 افغان خواجہ سراؤں کو وطن واپس بھیجنے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی ۔
درخواست گزاروں کے وکیل ممتاز احمد ایڈووکیٹ نے دلائل میں کہا کہ اس وقت افغانستان میں طالبان کی حکومت ہے جس نے خواجہ سراؤں سمیت معاشرے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کے حقوق سلب کر رکھے ہیں۔ اس لیےعدالت سے استدعا ہے کہ درخواست گزاروں کو جبری طور پر ملک بدر نہ کیا جائے۔
وکیل نے کہا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام غیر ملکیوں کو وطن واپس بھیجا جائے گا لیکن افغانستان میں خواجہ سراؤں کی جان کو خطرہ ہے اس لیے انہیں زبردستی واپس نہ بھیجا جائے۔
اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا یہ غیر ملکی نادرہ کے پاس رجسٹرڈ ہیں۔ اگر غیر ملکیوں کے پاس ویزہ ہے اور وہ ایکسپائر نہیں ہوا تو وہ پاکستان میں رہ سکتے ہیں۔
پشاور میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے کوشاں امین کنڈی کہتے ہیں لاہور ہائی کورٹ میں صرف 16 افغان خواجہ سراؤں نے درخواست دائر کی ہے۔تاہم اگست 2021 کے وسط میں افغانستان سے اب تک تقریباْ 50 خواجہ سرا پاکستان منتقل ہوئے ہیں۔
کوہاٹ، گھوٹکی اور خوشاب کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ
الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے مختلف حلقوں کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر آج دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قومی اسمبلی کی نشست این اے 88 خوشاب ٹو، سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 18 گھوٹکی اور خیبر پختونخوا اسمبلی کی نشست پی کے 90 کوہاٹ کے متعدد پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ ہو رہی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مؤخر شدہ پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل شام پانچ بجے تک جاری رہے گا اور اس کے نتائج پولنگ کے 24 گھنٹے کے اندر متوقع ہیں۔
الیکشن کمیشن نے مذکورہ پولنگ اسٹیشنز پر کہیں جلاؤ گھیراؤ اور کہیں پولنگ کا سامان چھینے جانے کے واقعات کے بعد پولنگ مؤخر کر دی تھی۔
آٹھ فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کے ناموں کا گزٹ نوٹی فکیشن اب تک جاری نہیں ہو سکا ہے۔
الیکشن کمیشن نے 265 میں سے 264 نشستوں پر کامیاب امیدواراوں کے عبوری نتائج کا اعلان کیا ہے جب کہ ایک نشست کا نتیجہ روک لیا گیا ہے۔
مولانا ریٹ بڑھا رہے ہیں، بابر اعوان
پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما بابر اعوان نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے اپوزیشن میں بیٹھنے کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا ریٹ بڑھا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بابر اعوان نے حکومت سازی پر تبصرہ کرتے ہوئے سابق اتحادیوں کو پی ڈی ایم ٹو قرار دیا۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کے اپوزیشن میں بیٹھنے اور نواز شریف کو بھی اپوزیشن میں آنے کی دعوت دینے پر تبصرہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جے یو آئی( ف) کے سربراہ اپنا ریٹ بڑھا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٰنواز شریف چار اور شہباز شریف ایک مرتبہ وزیرِ اعظم رہ چکے ہیں اور یہ اب چھٹی مرتبہ وزارتِ عظمیٰ کے لیے ٹرائی کر رہے ہیں۔