سابق وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ووٹ کاسٹ کر دیا
سابق وزیرِ اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا ہے۔
شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 لاہور کے پولنگ اسٹیشن نمبر 82 میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا ہے۔ اس موقع پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تقدیر عوام کے ہاتھ میں ہے، اگر عوام نے نواز شریف کو موقع دیا تو سب مل کر ملک کی ترقی کے لیے کام کریں گے۔
قومی اسمبلی کی 265 اور صوبائی اسمبلیوں کی 574 نشستوں پر پولنگ
وزارتِ داخلہ کا ملک بھر موبائل فون سروس عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ
پاکستان میں بارہویں انتخابات کے لیے پولنگ شروع ہونے سے قبل وزارتِ داخلہ نے ملک بھر میں موبائل فون سروس عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ترجمان وزارتِ داخلہ کے مطابق دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا زیاں ہوا ہے۔ امن وامان کی صورتِ حال کو قائم رکھنے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔
ترجمان کے مطابق امن و امان کی صورتِ حال کے پیشِ نظر ملک بھر میں عارضی طو رپر موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کو بلوچستان کے دو اضلاع میں انتخابی امیدواروں کے دفتروں کے باہر دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔
کتنے حلقوں پر پولنگ ہوگی؟
پاکستان کے بارہویں انتخابات کے سلسلے میں جمعرات کو ملک بھر کے مجموعی طور پر 855 قومی و صوبائی نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔
قومی اسمبلی کی 266 میں سے 265 نشستوں پر آج پولنگ ہو گی جب کہ پنجاب اسمبلی کی 297 میں سے 296، سندھ اسمبلی کی 130، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 115 میں سے 113 اور بلوچستان اسمبلی کی 61 جنرل نشستوں پر ووٹنگ ہو گی۔
واضح رہے کہ امیدواروں کے انتقال کی وجہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 08 باجوڑ، پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 266 رحیم یار خان، خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 22 باجوڑ اور پی کے 91 کوہاٹ کی نشستوں پر انتخابات نہیں ہو رہے۔
قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں مجموعی طور پر 17 ہزار 800 سے زیادہ امیدوار میدان میں ہیں جن میں 16 ہزار 930 مرد، 882خواتین اور چارخواجہ سرا شامل ہیں۔