رسائی کے لنکس

بھارت اور خلیج تعاون کی کونسل میں آزاد تجارتی معاہدے پرمذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق


5 دسمبر 2017 کو کویت سٹی، کویت میں خلیج تعاون کونسل (GCC) کا سربراہی اجلاس ۔فائل فوٹو
5 دسمبر 2017 کو کویت سٹی، کویت میں خلیج تعاون کونسل (GCC) کا سربراہی اجلاس ۔فائل فوٹو

بھارت کے وزیر تجارت پیوش گوئل نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کوبتایاہے کہ نئی دہلی اور خلیج کےتعاون کی کونسل (جی سی سی) نے آزاد تجارتی معاہدے پر بات چیت دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

پیوش گوئل نےاس اہم موقع پر مشترکہ طور پر اس پریس کانفرنس کی میزبانی کوایک اعزاز سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ " ہم نے جی سی سی اور بھارت کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانے، مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے اور انہیں جلد از جلد اختتام تک پہنچانے پر اتفاق کیا ہے۔"

یہ مذاکرات دونوں ملکوں کی جانب سے کسی تجارتی معاہدے پر دستخط کرنے کی تیسری کوشش ہیں، اس سے قبل 2006 اور 2008 میں اس بارے میں بات چیت ہوئی تھی۔

پریس کانفرنس میں جی سی سی کے سیکرٹری جنرل نائف فلاح ایم الحجراف نے بتایا کہ بات چیت میں جن شعبوں میں باہمی طور پر اتفاق ہوا ہے ان میں فوڈ سیکیورٹی، انرجی سیکیورٹی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی شامل ہیں۔

جی سی سی کے سیکرٹری جنرل نائف فلاح ایم الحجراف ایک سابق پریس کانفرنس میں۔
جی سی سی کے سیکرٹری جنرل نائف فلاح ایم الحجراف ایک سابق پریس کانفرنس میں۔

نائف فلاح نے آزاد تجارتی معاہدےکے لیے کہا کہ یہ بہت جدید ہے جو نئی معیشت کے تقاضوں کو پورا کرے گا۔

انہوں نے کہا ہم سب نے کووڈ۔19 کے بعد کی اور اس سے پہلےکی دنیا کا مشاہدہ کیا ہے۔

کاروبار ایک نئے چیلنجنگ دور میں داخل ہو گئے ہیں جس میں ہم اپنی مشترکہ کوششوں کو آگےبڑھانے کے لیے جگہ چاہتے ہیں۔ انہوں نےچند ایک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا،" خواہ وہ تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی، خوراک کی حفاظت یا توانائی کی سیکیورٹی کے لیے ہوں۔"

جی سی سی خلیج کے خطے کے چھ ممالک کا اتحاد ہے جس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، عمان اور بحرین شامل ہیں۔

(یہ رپورٹ رائٹرز کی فراہم کردہ معلومات پر مبنی ہے)

XS
SM
MD
LG