رسائی کے لنکس

نینسی پیلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو سخت اقدامات کریں گے، چین کا انتباہ


ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی (فائل)
ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی (فائل)

چین کی وزارت خارجہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ اگر امریکہ کے ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی نے تائیوان جانے کے ارادے پر عمل درآمد کیا تو چین سخت اقدامات کرے گا۔

نینسی پیلوسی جو امریکہ میں اپنے عہدے کے اعتبار سے صدر اور نائب صدر کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں، خود مختار جزیرے کا اگست میں دورہ کرنے والی ہیں۔ چین اس خطے کو اپنا علاقہ قرار دیتا ہے۔

ایوان نمائندگان کی اسپیکر نے اپریل میں یہ دورہ کرنا تھا لیکن انہوں نے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پروگرام ملتوی کر دیا تھا۔

نینسی پیلوسی اپنے پیش رو نیوٹ گنگرچ کے بعد تائیوان کا دورہ کرنے والی امریکہ کی پہلی اعلی ترین عہدیدار ہوں گی۔ گنگرچ پچیس سال قبل تائیوان گئے تھے۔

چین نے تائیوان کی فضائی حدود کے نزدیک پروازوں اور کسی حملے کے صورت میں ممکنہ جوابی کاروائیوں کے اظہار کے لیے مشقیں کی ہیں۔

امریکہ اور چین کے سفارت کاروں کی بے سود ملاقات
امریکہ اور چین کے سفارت کاروں کی بے سود ملاقات

بیجنگ میں وزارت خارجہ کے ترجمان ژاو لیجانگ نے معمول کی روزانہ بریفنگ کے دوران کہا کہ نینسی پیلوسی کا دورہ چین کی خود مختاری اور علاقائی سلامتی کو نقصان پہنچائے گا اور چین امریکہ تعلقات کی بنیاد پر تباہ کن اثرات مرتب کرے گا۔

’’ اگر امریکہ غلط راستے پرجانے پر مصر رہتا ہے تو چین اپنی خود مختاری اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کے لیے سخت اور مضبوط اقدامات کرے گا‘‘

چین نے حالیہ دنوں میں تائیوان کو امریکہ کی جانب سے اسلحے کی فروخت پر بھی سخت بیانات دیے ہیں اور مطالبہ کیا ہے کہ واشنگٹن 108 ملین ڈالر کا اسلحہ تائیوان کو فروخت نہ کرے۔

چین کی وزارت دفاع نے بھی منگکل کو اپنی ویب سائٹ پر لکھا کہ تائیوان کی علیحدگی کے کسی منصوبے اور غیر ملکی فورسز کی مداخلت کو سختی سے کچل دیا جائے گا.

دوسری جانب واشنگٹن اس بارے میں ’ سفارتی مخمصے‘ کی حکمت عملی پر کاربند ہے کہ آیا وہ تائیوان کے ساتھ چین کے تنازعے کی صورت میں اس کا دفاع کرے گا یا نہیں۔

نینسی پیلوسی اور ان کا وفد، فنانشل ٹائمز کے مطابق، آئندہ ماہ تائیوان کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ وفد جاپان، ملیشیا اور سنگا پور کا بھی دورہ کرے گا اور یو ایس انڈوپیسیفک کمانڈ کے ہوائی میں صدر دفاتر میں بھی وقت گزارے گا۔

ڈیموکریٹک راہنما نے یہ دورہ اپریل میں کرنا تھا لیکن انہیں کرونا لاحق ہونے کے سبب یہ دورہ ملتوی کر دیا گیا تھا۔ چین نے اس وقت بھی کہا تھا کہ یہ دورہ امریکہ کے ساتھ اس کے تعلقات کو بری طرح متاثر کرے گا۔

نینسی پیلوسی نے جو چین پر سخت تنقید کرتی آئی ہیں، تائیوان کے نائب صدر ولیئم لائی سے جنوری میں آن لائن ملاقات کی تھی جب وہ امریکہ اور ہندوراس کا دورہ کر رہے تھے۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق اس دورے سے متعلق صورتحال سے واقف تین افراد نے بتایا ہے کہ وائٹ ہاوس نے اس دورے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اس بارے میں امریکی انتظامیہ میں تقسیم پائی جاتی ہے کہ آیا نینسی پیلوسی کو تائیوان جانا چاہیے یا نہیں۔ بعض عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ دورہ اپریل میں ہو جاتا تو پھر بھی اس کو جواز تلاش کرنا آسان تھا کہ روس کے یوکرین پر حملوں کا ابھی آغاز ہوا تھا۔

(خبر میں شامل مواد رائٹرز اور اے پی سے لیا گیا)

XS
SM
MD
LG