رسائی کے لنکس

سعودی عرب کا 4 اکتوبر سے عمرہ کی مرحلہ وار بحالی کا اعلان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سعودی عرب نے چار اکتوبر سے عمرہ پر عائد پابندی مرحلہ وار ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سعودی حکومت نے کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث مارچ میں عمرہ پر پابندی عائد کی تھی تاہم حکام نے لگ بھگ چھ ماہ بعد منگل کو عمرہ کی ادائیگی کی مرحلہ وار اجازت دی ہے۔

سعودی وزارتِ داخلہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں چھ ہزار معتمرین کو عمرہ کی ادائیگی کی اجازت دی جا رہی ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) میں شائع ہونے والے وزارتِ داخلہ کے بیان کے مطابق چار اکتوبر سے سعودی عرب کے شہری اور وہیں مقیم افراد کو عمرہ کی اجازت ہو گی جب کہ دوسرے مرحلے میں یکم نومبر سے غیر ملکی افراد عمرہ ادا کر سکیں گے۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق دوسرے مرحلے میں زائرین کی یومیہ تعداد چھ ہزار سے بڑھا کر 20 ہزار کر دی جائے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی وبا کے مکمل خاتمے کے بعد ہی معمول کے مطابق زائرین عمرہ ادا کر سکیں گے جب کہ حالیہ اجازت اندرونِ و بیرونِ ملک افراد کی عمرہ ادائیگی اور مقدس مقامات کی زیارات کی جستجو کو دیکھتے ہوئے دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ سعودی حکومت نے کرونا وبا کے پیشِ نظر رواں برس حج کو بھی محدود کر دیا تھا اور صرف 10 ہزار عازمین کو ہی فریضۂ حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG