پاکستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی 20 بدھ کو ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان نے تین میچوں کی سیریز کے لئے وہی ٹیم برقرار رکھی ہے جس نے آسٹریلیا کے خلاف حالیہ سیریز میں تین۔صفر سے کامیاب حاصل کی تھی۔
پاکستانی اسکواڈ میں سرفراز احمد ، فخرزمان، محمد حفیظ، صاحبزادہ فرحان، بابراعظم، شعیب ملک، آصف علی، حسین طلعت، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، عثمان شنواری، حسن علی، عماد وسیم، وقاص مقصود اور فہیم اشرف شامل ہیں۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم متحدہ عرب امارات میں تین ٹی20، تین ایک روزہ میچز اور تین ٹیسٹ کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مجموعی طور پر18 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں جن میں 10 پاکستان نے جیتے اور 8 میں اُسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ متحدہ عرب امارات میں چار مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل آئے، تین میچوں میں پاکستان کا پلہ بھاری رہا جبکہ ایک میں نیوزی لینڈ نے کامیابی سمیٹی۔
سرفراز احمد کی کپتانی میں پاکستان نے اب تک 30 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں جن میں 26 میچز پاکستان نے جیتے جبکہ صرف 4 میں حریف ٹیم کو کامیابی ملی، یوں پاکستان ٹیم کی جیت کا اوسط 86 اعشاریہ 66 فیصد ہے جو ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اب تک کسی بھی کپتان کی سب سے بہترین اوسط ہے۔