رسائی کے لنکس

سال کا آخری چاند گرہن


ارتھ اسکائی کے مطابق ستمبر کا گرہن لگا چاند پینمبرل (نیم سایہ )چاند گرہن ہوگا جو کہ پورے چاند گرہن سے مختلف ہوتا ہے۔

نصرت شبنم

فلکیات سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ 16 اور 17ستمبر کی درمیانی شب آسمان پر چاند کو گرہن لگے گا اور یورپ، ایشیا، افریقہ اور آسٹریلیا کے ملکوں میں رہنے والے اس گرہن کا بھر پور نظارہ کر سکیں گے۔

ارتھ اسکائی کے مطابق ستمبر کا چاند گرہن پینمبرل (نیم سایہ) چاند گرہن ہوگا جو کہ پورے چاند گرہن سے مختلف ہوتا ہے۔

یہ گرہن اس وقت لگتا ہے جب چاند زمین کے بیرونی سائے میں سے گزرتا ہے اور زمین کا ہلکا سایہ چاند کے چہرے پر نظر آتا ہے۔ یہ نظارہ تقریبا تین گھنٹے جاری رہنے کی توقع ہے۔

زمین اور چاند دونوں سورج سے روشنی حاصل کرتے ہیں۔ زمین سورج کے گرد اپنے مدار پر گھومتی ہے اور چاند زمین کے گرد اپنے مدار پر گھومتا ہے اور یہ سال میں دو مرتبہ ایک دوسرے کے سامنے آ جاتے ہیں۔

پورا چاند گرہن اس وقت ہوتا ہے جب زمین دوران گردش چاند اور سورج کے ساتھ براہ راست ایک قطار میں آ جاتی ہے یعنی چاند اور سورج کے درمیان زمین حائل ہو جاتی ہے اور چاند پر سورج کی روشنی زمین کے عکس کی طرف سے بلاک ہو جاتی ہے جب کہ چاند زمین کے تاریک سائے کے عین وسط میں چھپ جاتا ہے۔

زمین کے دو اقسام کے سائے ہیں۔ زمین کے مرکزی سائے کو 'امبرا' اور بیرونی سایہ کو پینمبرا کہا جاتا ہے ۔امبرا زمین کا تاریک سایہ اور پینمبرا نیم سایہ ہے جو امبرا کے کناروں سے باہر پھیلتا ہے۔

اور جمعہ کو جب پورا چاند زمین کے ہلکے سائے میں سے گزرے گا تو یہ پینمبرل چاند گرہن کا سبب بنے گا ۔

دیگر دو چاند گرہن یعنی جزوی اور پورے چاند گرہن کے مقابلے میں یہ کم تاریک چاند گرہن ہے لیکن اگر آسمان صاف ہے تو آپ کسی بھی خصوصي آلے کے بغیر چاند کے اوپری حصے پر ہلکا سایہ دیکھ سکتے ہیں اور اگر آپ کے پاس دوربین ہو تو آپ زیادہ بہتر نظارہ کر سکیں گے۔

ٹائم اینڈ ڈیٹ ڈاٹ کام کے مطابق چاند گرہن 3 گھنٹے 59 منٹ اور 16 سکینڈ جاری رہے گا اور اگر آپ یہ موقع کھو دیتے ہیں تو پھر آپ اس قسم کا چاند گرہن 2024تک دوبارہ نہیں دیکھ سکیں گے۔

پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق چاند گرہن جمعے کی رات 9 بجکر 54منٹ سے شروع ہوگا اورگرہن کا تاریک ترین مرحلہ11بجکر 54 منٹ پر ہوگا اور بعد میں چاند زمین کے سائے سے باہر منتقل ہونا شروع ہو جائے گا اور 1 بجکر 53 منٹ پر مکمل طور پر تاریکی سے نکل جائے گا ۔

برطانوی وقت کے مطابق جمعے کی شام 5بجکر 55 منٹ سے 9 بجکر۔ 54 منٹ پر چاند زمین کے سایہ میں سے گزرے گا اور گرہن کا تاریک ترین مرحلہ غروب آفتاب کے آدھے گھنٹے بعد اور طلوع چاند کے بعد 7 بجکر 54 منٹ پر دیکھا جا سکے گا ۔

شمالی اور جنوبی امریکہ میں رہنے والوں کو اس قسم کے چاند گرہن کو دیکھنے کا موقع 2017 میں مل سکے گا۔

نیشنل جیو گرافک میں اس پورے چاند کو ہارویسٹ مون (فصل کٹائی) کا چاند کہا گیا ہے کیونکہ یہ زمین کے شمالی نصف کرہ میں اس سال 22 ستمبر کے قریب ترین تاریخ کا چاند گرہن ہو گا۔ یہ وہ تاریخ ہے جب دنیا بھر میں دن اور رات کا دورانیہ تقریباً برابر ہوتا ہے۔

XS
SM
MD
LG