رسائی کے لنکس

شام : ملک بھر میں جھڑپیں، مظاہرے جاری


بتایا جاتا ہے کہ شام کے شمالی شہر مریعا میں نمازِجمعہ کےبعد ایک مظاہرہ ہوا جِس کا مقصد اُن درجنوں افراد کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرنا تھا، جو گذشتہ ہفتےعزاز کے قریب شامی جنگی طیاروں کی بمباری سے ہلاک و زخمی ہوئے

ایسے میں جب جمعے کےروز کئی ایک مقامات پر حکومت مخالف مظاہرے ہوئے، جِن میں ہزاروں شامیوں نےحصہ لیا، شامی فضائی فوج نےحلب کے شمالی شہر میں حزب مخالف کے ٹھکانوں کو ہدف بنایا اور دمشق کے گردو نواح کے مضافات میں لڑائی جاری رہی۔

’وائس آف امریکہ‘ کے اسکاٹ باب نے شام کے شمالی شہر مریعا سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ نماز جمعہ کے بعد ایک مظاہرہ ہوا جس کا مقصد اُن درجنوں افراد کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرنا تھا جو گذشتہ ہفتےعزاز کے قریب شامی جنگی جیٹ طیاروں کی بمباری سے ہلاک و زخمی ہوئے۔

باب کے بقول، خاص طور پر اس مظاہرے میں جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے۔

اُنھوں نے بتایا کہ شمالی شام کےطول و ارض کےباسی تناؤ کا شکار ہیں، حالانکہ رمضان کے وداع پر وہ تین روزہ جشن کی تیاری میں ٕمصروف ہیں۔

باب نے بتایا کہ جنگی طیاروں کی پروازوں کا شور اُن کے کانوں پر پڑتا رہتا ہے، جب کہ آپ ہر بار اِنھیں دیکھ نہیں پاتے۔ لوگ خوف زدہ ہوکر گھروں سے باہر نکلتے ہیں، اپنے بچوں کی خبرگیری کرتے ہیں اور اُن کی حفاظت کی فکر کرتے ہیں۔

برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فور ہیومن رائٹس نے دمشق کے اہم فوجی ہوائی اڈے کے قریب حکومتی افواج اور باغیوں کے درمیان جھڑپوں کی خبر دی ہے۔

رمی عبد الرحمٰن اِس آبزرویٹری کے ڈائریکٹر ہیں۔ اُنھوں نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ تشدد کے اِن تازہ واقعات میں جمعرات کو ملک بھر میں کم از کم 180افراد ہلاک ہوئے۔ اُنھوں نے کہا کہ دمشق کے جنوب مغرب میں قتانہ کے شہر میں مزید65 نامعلوم افراد کی لاشیں ملی ہیں۔

آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال مارچ میں شروع ہونے والی مسٹر اسد مخالف بغاوت میں مجموعی طور پر23000سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ نے جمعے کو اِس بات کی تصدیق کی ہے کہ الجزائر کے مشہور سفارت کار لخدر براہیمی اقوام متحدہ کے سابق سکریٹری جنرل کوفی عنان کی جگہ شام پر ثالث مقرر کیے گئے ہیں۔

اٹھہتر برس کے براہیمی عرب لیگ کی نمائندگی بھی کریں گے،جوتقریباً 18سالہ تنازع کاپُر امن حل تلاش کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

امریکہ نے اقوام متحدہ سےکہا ہے کہ براہیمی کےاختیارات کی وضاحت کی جائے۔ تاہم،اقوام متحدہ نے اُنھیں ایک ’قابل ‘اور ’منجھا ہوا ‘ سفارت کار قرار دیا ہے۔

سلامتی کونسل نےجمعرات کے روز شام میں اقوام متحدہ کے نگراں مشن کی تعیناتی ختم کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا۔

یہ مینڈیٹ اتوار کو ختم ہو رہا ہے، تاہم کونسل کا کہنا ہے کہ وہ جنگ زدہ ملک میں ایک سیاسی دفتر قائم کرنے کی خواہاں ہے۔
XS
SM
MD
LG