پاکستان: "یوٹیوب" پر پابندی برقرار

آئی ٹی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ یوٹیوب انتطامیہ گستاخانہ مواد کی روک تھام کیلئے تعاون نہیں کررہی جس کے باعث یوٹیوب پر پابندی برقرار رہےگی۔
پاکستان میں ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ "یوٹیوب" پر پابندی برقرار رہے گی۔

وفاقی داالحکومت میں بدھ کے روز قائمہ کمیٹی کے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاکستان میں یوٹیوب پر پابندی برقرار رکھی جائے گی۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حکام کے مطابق یوٹیوب سائٹ پر موجود گستاخانہ مواد کی روک تھام ممکن نہیں بنائی جاسکتی۔ آئی ٹی حکام کا مزید کہنا ہے کہ یوٹیوب انتطامیہ گستاخانہ مواد کی روک تھام کیلئے تعاون نہیں کررہی جس کے باعث یوٹیوب پر پابندی برقرار رہےگی۔

واضح رہے کہ یوٹیوب ویب سائیٹ پر 17 ستمبر 2012 کو گستاخانہ فلم کو یوٹیوب پر شائع کرنے کے خلاف پاکستان میں احتجاجا یوٹیوب سائٹ بلاک کردی گئی تھی۔

گزشتہ سال دسمبر کے مہینے میں وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے یوٹیوب کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے یو ٹیوب کچھ دیر بحال کرنے کے بعد دوبارہ بند کردی گئی۔ یوٹیوب انتظامیہ کی جانب سے گستاخانہ توہین آمیز مواد نہ ہٹانے کے باعث پاکستان میں یوٹیوب سائٹ کھولنے کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔