یمن میں خودکش حملہ، 8 فوجی ہلاک

یمن کے جنوبی علاقے میں خودکش حملے کے بعد لوگ اکھٹے ہو رہے ہیں۔ دسمبر 2016

خودکش حملہ آور لکڑیاں لے جانے والی ایک گاڑی پر سوار تھا اور اس نے ڈرائیور کا بہروپ بھرا ہوا تھا۔

یمن کے سیکیورٹی عہدے داروں نے کہا ہے کہ جمعے کے روز ایک خودکش بمبار نے ملک کے جنوبی شہر زنجبار میں ایک فوجی مرکز پر حملہ کر کے کم ازکم 8 فوجیوں کو ہلاک کر دیا ۔

خودکش بمبار نے لکڑیاں لانے والی ایک گاڑی کے ڈرائیور کا بہروپ بھرا ہو ا تھا۔ اس نے یمنی فوج کے کیمپ میں داخل ہونے میں ناکامی کے بعد اپنی گاڑی گیٹ پر دھماکے سے اڑا دی۔

سیکیورٹی اہل کاروں اور حملہ آوروں کے درمیان اس وقت شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جب انہوں نے کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

اس واقعہ میں 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔

فوری طور پر کسی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ نہیں کیا لیکن ایک فوجی ذرائع نے کہا ہے کہ علاقے میں اس طرح کے حملے القاعدہ کا گروپ کرتا رہا ہے۔

یمن کا جنوبی علاقہ، 2015 میں حکومت کی جانب سے ہوثی شیعہ ملیشیا اور اتحادی فورسز کو جنوب سے باہر دھکیلنے کے بعد سے امن و امان کی بحالی میں ناکامی کے باعث انتہا پسند گروپس کے خودکش حملوں کا نشانہ بنا ہوا ہے۔