دنیا بھر میں کون کتنا طویل روزہ رکھے گا؟

دبئی کے برج الخلیفہ کی مختلف منزلوں پر موجود افراد کے لیے افطار اور سحر کے مختلف اوقات ہوں گے۔ (فائل فوٹو)

رمضان اسلامی کیلنڈر میں ترتیب کے اعتبار سے نواں لیکن اہمیت کے لحاظ سے اہم ترین مہینہ ہے۔ دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمان رمضان کا استقبال مختلف روایات اور طریقوں سے کرتے ہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماہِ رمضان کا آغاز ہو گیا ہے اور اس سال روزے کا دورانیہ دنیا کے مختلف علاقوں میں 11 سے 21 گھنٹے کے درمیان رہے گا۔

طویل ترین روزہ

روس کے شہر مرمنسک میں آباد مسلمان 20 گھنٹے 45 منٹ کے بعد سب سے طویل دورانیے کا روزہ افطار کریں گے۔ سوئیڈن میں روزہ 19 گھنٹے 43 منٹ اور آئس لینڈ میں 19 گھنٹے 26 منٹ طویل ہو گا۔

سب سے مختصر دورانیے کا روزہ

دنیا میں سب سے کم دورانیے کا روزہ جنوبی امریکہ کے ملک ارجنٹائن میں 11 گھنٹے کا ہو گا۔ برازیل میں روزے کا دورانیہ 12 گھنٹے 28 منٹ جب کہ چلی میں 12 گھنٹے 4 منٹ ہو گا۔

15 سے 18 گھنٹے والے ممالک

امریکہ میں روزے کا دورانیہ 15 گھنٹے 38 منٹ، کینیڈا میں 15 گھنٹے 58 منٹ، اٹلی میں 15 گھنٹے 55 منٹ، یونان میں 15 گھنٹے 48 منٹ، جرمنی میں 17 گھنٹے 54 منٹ، برطانیہ میں 17 گھنٹے 51 منٹ اور ناروے میں 18 گھنٹے 43 منٹ ہو گا۔

اسی طرح مشرق وسطیٰ میں آباد مسلمان 14 گھنٹے سے زائد دورانیے کا روزہ رکھیں گے۔ دبئی میں 14 گھنٹے 39 منٹ، سعودی عرب میں 14 گھنٹے 37 منٹ، عمان میں 14 گھنٹے 33 منٹ اور یمن میں 14 گھنٹے 5 منٹ کا دورانیہ ہو گا۔

پاکستان میں روزے کا دورانیہ 15 گھنٹے 14 منٹ ہو گا۔ اسی طرح بھارت میں روزہ 14 گھنٹے 09 منٹ اور ایران میں 15 گھنٹے 26 منٹ طویل ہو گا۔

برج خلیفہ میں مقیم افراد کے لیے روزے کا دورانیہ

دنیا کی طویل ترین عمارت برج خلیفہ دبئی میں واقع ہے۔ 160 منزلہ اس عمارت میں مقیم افراد کے لیے اونچائی کے اعتبار سے سحر و افطار کے مختلف اوقات ہوں گے۔

81 سے 150 ویں منزل والے مکین اذانِ مغرب کے دو منٹ بعد افطار کر سکیں گے۔

150 ویں منزل سے 160 ویں منزل کے مکین اذان کے تین منٹ بعد روزہ افطار کریں گے جب کہ فجر کی اذان سے 3 منٹ قبل سحری بند کردیں گے۔

جہاں تک برج کی 80 ویں منزل کے مکینوں کا تعلق ہے تو وہ دبئی کے دیگر باشندوں کی طرح مغرب کی اذان ہوتے ہی افطار اور فجر کی اذان ہوتے ہی سحری ختم کرنے کے پابند ہوں گے۔