منڈیلا کی آخری رسومات، 70 عالمی رہنماؤں کی شرکت متوقع

نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات اتوار سے شروع ہو گئی تھیں اور اُنھیں 15 دسمبر کو اُن کے آبائی علاقے کونو میں دفن کیا جائے گا۔
جنوبی افریقہ کے سابق صدر نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات میں 70 سے زائد عالمی رہنماء شرکت کریں گے جن میں امریکہ، برطانیہ، پاکستان اور ایران سمیت کئی ممالک کے رہنماء شامل ہیں۔

پاکستان کے صدر ممنون حسین نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے جنوبی افریقہ روانہ ہو گئے ہیں۔

جوہانسبرگ کے فٹبال اسٹیڈیم میں منگل کو نیلسن منڈیلا کے لیے ایک بڑی یادگاری تقریب منعقد ہو گی، اس میدان میں 95 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔

اس میدان میں نیلسن منڈیلا نے 2010ء کے فٹبال عالمی کپ کے فائنل کے موقع پر اپنی آخری عوامی تقریب میں شرکت کی تھی۔

جنوبی افریقہ کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ’’پوری دنیا سے لوگ ہمارے ملک آ رہے ہیں‘‘ جس کے لیے بڑے پیمانے پر انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

نیلسن منڈیلا 95 برس کی عمر میں جمعرات کو انتقال کر گئے تھے، وہ طویل عرصے سے پھیپھڑوں کے انفیکشن میں مبتلا تھے جس کی وجہ سے اُنھیں اسپتال بھی داخل کروایا گیا لیکن جب اُن کا انتقال ہوا تو اس وقت وہ اپنے گھر پر ہی زیر علاج تھے۔

نیلسن منڈیلا کی آخری رسومات اتوار سے شروع ہو گئی تھیں اور اُنھیں 15 دسمبر کو اُن کے آبائی علاقے کونو میں دفن کیا جائے گا۔

نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کی پاداش میں مسڑ منڈیلا کو لگ بھگ 27 سال جیل کاٹنا پڑی۔ 1994ء میں رہائی کے بعد وہ ملک کے پہلے سیاہ فام صدر بنے۔

نیلسن منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دنیا بھر سے پیغامات بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے جب کہ اندرون ملک بھی مختلف مقامات پر مسڑ منڈیلا کے لیے یادگاری تقاریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔