ورلڈ کپ  2030 میں کونسی دو چیزیں غیر معمولی ہیں؟

فائل فوٹو

فٹ بال کے انتظامی ادارے فیفا نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ ورلڈ کپ 2030 تین بر اعظموں میں کھیلا جائے گا۔ ورلڈ کپ عام طور پر کسی ایک میزبان ملک یا کبھی کبھی دو میزبان ملکوں تک محدود ہوتا ہے ۔لیکن 2030 کی میزبانی غیر معمولی طور پر کئی ملک کریں گے ۔اور دوسری بات یہ کہ یہ ورلڈ کپ کی سو ویں سالگرہ ہوگی۔

2030 کی میزبانی کرنے والوں میں اسپین ، مراکش ، ارجنٹائن ، پیراگوئے اور یوروگو ئے شامل ہیں ۔

ابتدا میں اسپین اور پرتگال نے تجویز دی تھی کہ وہ ورلڈ کپ 2030 کی مشترکہ طور پر میزبانی کریں گے ۔ ان کی اس تجویز میں مراکش کو شامل کر لیا گیا ۔ بعد میں حریف ملک ، ارجنٹائن ، پیراگو ئے اوریوروگوئے بھی بولی میں شامل ہو گئے ۔

جنوبی امریکہ کی فٹ بال فیڈریشن CONMEBOL کے صدر الیجینڈرو ڈومنگیز نے کہا کہ صد سالہ ورلڈ کپ جنوبی امریکہ سے زیادہ دور نہیں ہو سکتا، جہاں سے سب کچھ شروع ہوا ۔”

اس غیر معمولی بین البر اعظمی ٹورنامنٹ کا افتتاح یوروگوئے کے دار الحکومت مونٹےویڈیو میں ہو گا جہاں 1930 میں فٹبال کا پہلا ورلڈ کپ کھیلا گیا تھا۔ فیفا کے تین برا عظمی ورلڈ کپ کے منصوبے کی منظوری دنیا بھر کے 211 ارکان کی سوکر فیڈریشن 2024 میں ایک کانفرنس میں دی جائے گی ۔ یہ ووٹنگ روایتی طورپر ایک رسمی کارروائی ہو گی ۔

SEE ALSO: ایشین فٹ بال کپ 2027 سعودی عرب میں ہو گا

2026 کے ورلڈ کپ کی طرح 2030 کا ورلڈ کپ اسی سال جون اور جولائی میں ہوگا اس میں 48 ٹیمیں سوکر کی انتہائی با وقار ٹرافی کے لیے مقابلہ کریں گی اور کل 104 میچ کھیلے جائیں گے۔

قومی ٹیموں کو بڑے بڑے فاصلے طے کرنے ہوں گے اور شرکت کے لیے ٹائم زون شفٹس کے مطابق خود کو ایڈ جسٹ کرنا ہوگا۔

فیفا کے صدر Gianni Infantino نے کہا کہ ، 2030 میں ہمارے پاس ایک منفرد عالمی نقشہ ہو گا۔ تین براعظم، چھ ملک ،فیفا کی سالگرہ اور فیفا ورلڈ کپ کے خوبصورت کھیل کا جشن مناتے ہوئے دنیا کا خیر مقدم کریں گے اور اسے متحد کریں گے ۔

اب جب یہ فیصلہ ہو چکا ہے کہ ورلڈ کپ 2030 کہاں کھیلا جائے گا ، ورلڈ کپ 2034 کی بولی لگانے کا مقابلہ جلد شروع ہو جائے گا۔ 2034 کا ورلڈ کپ فیفا کے رکن ملکوں ایشیا اور اوشینیا تک محدود ہو گا۔ سعودی عرب اور آسٹریلیا دونوں نے اس میں دلچسپی کااظہار کیا ہے۔

( اس رپورٹ کا کچھ مواد اے پی سےلیا گیا ہے)