ابوظہبی ٹیسٹ کی غلطیاں نہیں دہرائیں گے، سرفراز

سرفراز احمد ۔ فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ابوظہبی ٹیسٹ میں جو غلطیاں ہوئیں اُنہیں نہیں دہرائیں گے، صرف 4 رنز سے میچ ہارے، ہمیں جتینا چاہئے تھا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ہفتے سے دبئی میں شروع ہورہا ہے، تین میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک۔صفر کی برتری حاصل ہے، ابوظہبی ٹیسٹ میں دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو صرف 4 رنز سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔

دوسرے ٹیسٹ سے قبل دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لئے ٹیم میں ایک دو تبدیلیاں ہوں گی۔

ابوظہبی ٹیسٹ میں شکست پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ ٹیسٹ میچ میں ٹاس بہت اہم کردار ادا کرتا ہے، چوتھی اننگز میں ہدف کا تعاقب مشکل ہوجاتا ہے، ہمیں دباؤ میں کھیلنا سیکھنا ہوگا۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بیٹسمین دوسری اننگز میں 40 سے 45 رنز بناکر آؤٹ ہورہے ہیں، لمبی اننگز نہیں کھیل پارہے، سیٹ بیٹسمین کو رنز اسکور کرنے پڑیں گے۔

سیریز جیتنے کی نہیں، اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے، ہنری نکولس
اس موقع پر کیوی ٹیم کے بیٹسمین ہنری نکولس کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم میں تبدیلی کے اچھے آپشنز ہیں، کوچ اور کپتان حتمی فیصلہ کریں گے، سیریز جیتنے کی نہیں البتہ اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

ہنری نکولس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ٹیم نے اچھی کارکردگی دکھائی، امید ہے دبئی ٹیسٹ میں بھی اچھا پرفار م کریں گے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں صرف ایک بار ٹیسٹ میچ میں مدمقابل آئیں اور وہ بھی بے نتیجہ ختم ہوا تھا۔