پاکستان کا اگلا صدر کون ہوگا؟

Who will be president

خیبرپختونخوا سے اقبال ظفر جھگڑا اور سرتاج عزیز جبکہ سندھ سے ممتاز بھٹو اور غوث علی شاہ کے ناموں پر غور کیا گیا
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے نئے صدر کے انتخاب کا باقاعدہ شیڈول جاری ہوتے ہی سیاسی حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے کہ پاکستان کا اگلہ صدر کون ہوگا؟

پاکستان کے وزیراعظم اور حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف صدارتی انتخابات کے حوالے سے خاصی پرجوش نظر آرہے ہیں یہی وجہ ہے کہ منگل کی صبح صدارتی انتخاب کی تاریخ کا اعلان ہوتے ہی انہوں نے اپنی صدارت میں اپنی جماعت کا خصوصی اجلاس بلالیا۔

پاکستانی میڈیا رپورٹس اور مقامی خبررساں اداروں وسرکاری خبرایجنسی اے پی پی کے مطابق اجلاس وزیر اعظم ہاوٴس اسلام آباد میں ہوا جس میں صدر کے عہدے کے لئے لیگی امیدواروں کے ناموں پر غور ہوا ۔

ان ناموں میں خیبرپختونخوا سے اقبال ظفر جھگڑا اور سرتاج عزیز جبکہ سندھ سے ممتاز بھٹو اور غوث علی شاہ کے ناموں پر غور کیا گیا۔

سیاسی تجزیہ نگاروں اور مبصرین کے نزدیک ’حالات و واقعات اس جانب اشارہ کررہے ہیں کہ اگلا صدر چھوٹے صوبے بالخصوص خیبرپختوانخواہ سے ہوسکتا ہے۔

اجلاس میں جن لیگی رہنماوٴں نے شرکت کی ان میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار اور وزیر اطلاعات پرویز رشید شامل تھے ۔