سہائی عزیز تالپور، پاکستان کی سپر ہیرو؟

سندھ پولیس کی اے ایس پی سہائی عزیز تالپور۔

کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والی خاتون پولیس آفیسر سہائی عزیز تالپور اس وقت پاکستان میں سیلیبرٹی بن چکی ہیں اور سوشل میڈیا پر اس وقت دوسرے نمبر پر سہائی عزیز کا نام ٹرینڈ کررہا ہے،

سہائی عزیز کراچی پولیس میں اے ایس پی کے عہدہ پر کام کررہی ہیں اور اس حملہ کے بعد سب سے پہلے وہ پولیس ٹیم کے ہمراہ پہنچی اور حملہ آوروں کے خلاف بروقت کارروائی کا سہرہ ان کے سر ہی باندھا جارہا ہے۔ ​بتایا جارہا ہے کہ قونصلیٹ کے اندر ہونے والے آپریشن کی قیادت سہائی عزیز نے کی تھی، اس بات کی تصدیق آپریشن مکمل ہونے کے بعد ایک ویڈیو میں بھی کی گئی جس میں پولیس کے اعلیٰ افسران وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ موجود تھے جہاں بتایا گیا کہ سہائی عزیز تالپور نے اس آپریشن کی قیادت کی جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ مراد شاہ نے سہائی عزیز کی تعریف کی اور انہیں شاباش بھی دی۔

سہائی عزیز کون ہیں؟؟

خاتون پولیس افسر سہائی عزیز دیہی سندھ کی پہلی سی ایس پی ہیں جنہوں نے سخت محنت سے کامیابی حاصل کی۔ سہائی عزیز نے 2015 میں سی ایس ایس کا امتحان پاس کرکے پولیس سروس میں شمولیت اختیار کی تھی۔

سہائی عزیز کا تعلق ضلع ٹنڈو محمد خان کے گاؤں بھائی خان تالپور کے متوسط سندھی گھرانے سے ہے جہاں لڑکیوں کی تعلیم کو زیادہ اہمیت نہیں دی جاتی لیکن سہائی عزیز نے اپنے والدین کی حمایت کی وجہ سے سی ایس ایس کا امتحان پاس کرکے پولیس فورس جوائن کی۔

سہائی عزیز کے لیے اعزاز

آئی جی سندھ کلیم امام کی جانب سے اے ایس پی سہائی عزیز کو شاندار کارکردگی پر قائداعظم پولیس میڈل (کیو پی ایم) دینے کی سفارش کی گئی ہے۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق سہائی عزیز کا نام کیو پی ایم کے لیے باقاعدہ تجویز کیاجا رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق سہائی عزیز سندھ پولیس کی پہلی خاتون افسر ہیں، جن کا نام کیو پی ایم کے لیے تجویز کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ نے ایس ایس پی ساؤتھ پیر محمد شاہ اور ایس پی طارق دھاریجو کو بھی شاباش دی۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق تینوں پولیس افسران کے لیے 2، 2 لاکھ روپے نقد اور تعریفی اسناد کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ٹرینڈنگ

سہائی عزیز کے اس کارنامے کے حوالے سے اطلاعات ملنے پر ان کے نام کا ٹرینڈ بنا جو اس وقت دوسرے نمبر پر ٹرینڈ کررہا ہے، سہائی عزیز کی بہادری کی تعریفیں ہورہی ہیں اور انہیں خواتین کے لیے ایک مثال قراردیا جارہا ہے، معروف ٹی وی میزبان صنم بلوچ نے سہائی عزیز کی تصویر لگائی اور ساتھ میں لکھا ویلڈن بریو لیڈی، ویمن پاور

سہائی عزیز کی تعریف میں بلاول بھٹو بھی پیچھے نہیں رہے اور ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ دہشت گردوں نے چینی قونصلیٹ پر حملہ کیا جس کو سندھ پولیس کی بہادر خاتون سہائی عزیز کی قیادت میں کچل دیا گیا،

سماجی ماہرین کا کہنا ہے کہ سہائی عزیز کے اس طرح حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کرنے سے ایک طویل عرصہ سے ملک بھر کے عوام کی نظر میں کراچی پولیس کا خراب امیج بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔