شام میں پولیو سے مزید دو بچے متاثر

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت نے منگل کو بتایا کہ اس بار وائرس سے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں دیہی علاقے کا ایک بچہ متاثر ہوا, جب کہ پولیو سے متاثرہ دوسرے بچے کا تعلق حلب سے ہے۔
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے شام میں مزید دو بچوں کے پولیو وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی ہے۔

شام کے شمال مشرقی حصے میں گزشتہ ماہ پولیو وائرس کے 15 کیسز سامنے آئے تھے، جس کے بعد خطے میں اس وائرس سے بچاؤ کی سب سے بڑی مہم شروع کی گئی۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت نے منگل کو بتایا کہ اس بار وائرس سے دارالحکومت دمشق کے مضافات میں دیہی علاقے کا ایک بچہ متاثر ہوا جب کہ پولیو سے متاثرہ دوسرے بچے کا تعلق حلب سے ہے۔

1999ء کے بعد شام میں پولیو کی موجودگی کا پہلی مرتبہ انکشاف ہوا۔ عالمی ادارہ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ اس وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے کیوں کہ ملک میں خانہ جنگی کے باعث بڑی تعداد میں لوگوں کی نقل و حرکت جاری ہے۔

ڈبلیو ایچ او متعلقہ خطے کے قریب ممالک کے دو کروڑ بچوں کو انسداد پولیو مہم کے تحت اس وائرس سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف ہے۔ توقع ہے کہ یہ عمل چھ سے آٹھ ماہ تک جاری رہے گا۔