دنیا کا مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ آئے روز صارفین کے لیے نئے فیچرز متعارف کراتا رہتاہے۔ اس بار واٹس ایپ 'اسٹیٹس' کے فیچر میں مزید اپ ڈیٹس لایا ہے۔
واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا نے منگل کو اپنے میسجنگ پلیٹ فارم میں نئی اپ ڈیٹس کا اعلان کیا۔ ان نئی اپ ڈیٹس میں اب صارفین واٹس ایپ پر کوئی آڈیو پیغام یا اپنی من پسند آڈیو کو بھی اسٹیٹس پر لگا سکیں گے۔ اس سے قبل صارفین تصاویر، ویڈیوز، جفز اور ٹیکسٹ وغیرہ واٹس ایپ کے اسٹیٹس پر لگا سکتے تھے۔
مگر اب صارفین کو آڈیو پیغامات کو بھی اپنے اسٹیٹس پر لگانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے صارفین کی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے ایک اور نئی اپ ڈیٹس پیش کی ہے جس کے تحت صارفین کسی بھی اسٹیٹس پر فوری ری ایکشن دے سکیں گے۔
😍 With new status reactions you can show your loved ones exactly how you feel with just a tap. pic.twitter.com/FpwkLxVIcQ
— WhatsApp (@WhatsApp) February 7, 2023
اس اپ ڈیٹ میں واٹس ایپ کی جانب سے آٹھ ایموجیز شامل کیے گئے ہیں جو کسی بھی اسٹیٹس کے رپلائی میں دیے جاسکیں گے۔
کمپنی کی جانب سے صارفین کی پرائیویسی کا خیال رکھتے ہوئے ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اب صارفین اسٹیٹس میں بھی 'پرائیویٹ آڈینس سلیکٹر' کا استعمال کرسکیں گے یعنی صارف اپنا اسٹیٹس کن کن کو دکھانا چاہتا ہے اس کی سلیکشن کا اختیار صارف کے پاس ہو گا۔
🔗 Links shared in your status will be easier to view with link previews.
— WhatsApp (@WhatsApp) February 7, 2023
اس فیچر میں صارف جس اسٹیٹس کے لیے اپنی آڈینس کا انتخاب کرے گا اگلے اسٹیٹس کے لیے وہی آڈینس خود بخود سلیکٹ ہوجائے گی۔ البتہ صارف اپنا اسٹیٹس پوسٹ کرنے سے پہلے اس میں تبدیلی کر سکتا ہے۔
واٹس ایپ نے اپنی نئی اپ ڈیٹس میں 'اسٹیٹس پروفائل رنگز' کا فیچر بھی شامل کیا ہے۔ اس فیچر میں کسی بھی کانٹیکٹ کی جانب سے اسٹیٹس لگانے پر اس کی پروفائل پکچر پر ایک دائرہ نظر آئے گا جس پر کلک کرکے صارف اس نمبر کی جانب سے لگائے گئے اسٹیٹس کو دیکھ سکیں گے۔
واٹس ایپ نے اینڈرائڈ صارفین کے لیے اس دائرے کا رنگ سبز جب کہ ایپل صارفین کے لیے نیلا رکھا ہے۔
🤳 Rings will now appear around profile photos in your Chat List and other places, letting contacts know to click profile photos for quick status viewing! 🟢 Green rings for Android and 🔵 blue rings for iOS.
— WhatsApp (@WhatsApp) February 7, 2023
اسی طرح واٹس ایپ اسٹیٹس میں اب صارفین کوئی بھی لنک پوسٹ کرتے ہوئے اس کا 'پریویو' با آسانی دیکھ سکیں گے۔ پہلے یہ فیچر پیغام بھیجتے ہوئے دستیاب تھا۔ تاہم اب واٹس ایپ نے اس فیچر کو اسٹیٹس پر بھی شامل کرلیا ہے۔
اس فیچر سے اسٹیٹس دیکھنے والے صارف کو یہ اندازہ ہو سکے گا کہ وہ کس طرح کے مواد پر کلک کر رہا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے یہ نئی اپ ڈیٹس دنیا بھر میں صارفین تک رول آؤٹ ہونا شروع ہو گئی ہیں اور جلد ہی یہ تمام صارفین کو دستیاب ہوں گی۔