|
سال 2024 اپنے اختتام کے قریب ہے اور اس سال بہت سے صارفین نے 'گوگل' پر بہت کچھ سرچ کیا ہو گا۔
ان میں سے کچھ صارفین کو شاید یہ یاد بھی نہ ہو کہ انہوں نے کیا سرچ کیا لیکن 'گوگل' کو یاد ہے کہ اس کے پلیٹ فارم پر سال بھر سب سے زیادہ کیا سرچ ہوا۔
ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے منگل کو سال 2024 کے سرچ ٹرینڈ کی لسٹ شائع کی ہے جس میں عالمی سطح پر ٹرینڈنگ سرچز میں کھیل چھایا رہا۔
عالمی سطح پر سب سے زیادہ سرچز میں کوپا امریکہ رہا۔ اس کے بعد یوفا یورپیئن چیمپئن شپ، آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ، بھارت بمقابلہ انگلینڈ سرچ کیا گیا۔ پانچویں نمبر پر گلوکار لیام پین کا نام رہا۔
اسی طرح خبروں سے متعلق عالمی سطح پر سب سے زیادہ امریکی انتخاب کو سرچ کیا گیا۔ شدید گرمی اور اولمپکس اس فہرست میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہے۔
SEE ALSO: گوگل کی نئی پالیسی؛ اپنا اکاؤنٹ ڈیلیٹ ہونے سے کیسے بچائیں؟عالمی سطح پر سب سے زیادہ سرچ کیے جانے والے لوگوں میں امریکہ کے منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نام سرِ فہرست رہا۔ کیتھرین، پرنسز آف ویلز، امریکہ کی نائب صدر کاملا ہیرس، الجزائر کی باکسر ایمان خلیف اور امریکی صدر جو بائیڈن اس فہرست میں بالترتیب دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر رہے۔
پاکستانیوں نے کیا سرچ کیا؟
اب بات کرتے ہیں کچھ پاکستان کے سرچز کی۔
سال 2024 میں گوگل پر پاکستانیوں نے جس شخص کو سب سے زیادہ سرچ کیا وہ فوٹوگرافر عباس عطار تھے۔
عباس عطار ایک ایرانی فوٹوگرافر تھے جو 1970 کی دہائی میں ہونے والے مختلف تنازعات و جنگوں میں اپنی تصاویر کے لیے مشہور تھے۔
عباس فوٹوز ڈاٹ او آر جی کے مطابق عباس نے تنازعات میں گھرے معاشروں کی سیاسی و سماجی زندگی کو دستاویزی شکل دینے کے لیے اپنی زندگی وقف کی تھی اور انہوں نے 1970 کے بعد بنگلہ دیش، شمالی آئرلینڈ، ویتنام، مشرقِ وسطیٰ میں جنگوں اور انقلابوں کو کور کیا۔
دوسرے نمبر پر گوگل فہرست میں آنے والی لبنانی نژاد امریکی شاعر ایٹل عدنان تھیں۔
پاکستان میں سب سے زیادہ سرچ کیے گئے افراد میں تیسرا نمبر گولڈ میڈلسٹ اولمپین ارشد ندیم تھے۔
اداکارہ ثنا جاوید کو چوتھے اور کرکٹر ساجد خان کو پانچویں نمبر پر سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
گوگل سرچ میں کرکٹ کی فہرست میں پاکستانیوں نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کو سب سے زیادہ سرچ کیا۔
SEE ALSO: گوگل سرچ میں شامل ہونے والا 'ویب' فلٹر کیا ہے؟اس فہرست میں پاکستان بمقابلہ انگلینڈ دوسرے، پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش تیسرے، پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا چوتھے جب کہ پاکستان بمقابلہ بھارت پانچویں نمبر پر رہا۔
فلموں اور ڈراموں کی فہرست میں پاکستانیوں نے پہلے نمبر پر ویب سیریز 'ہیرا منڈی' کو سرچ کیا۔
اس کے بعد 12ویں فیل، اینیمل، مرزا پور سیزن تھری اور استری 2 کو سرچ کیا گیا۔
پاکستانیوں نے 'کیسے کریں' جیسے سوالات کے سرچ میں سب سے زیادہ یہ سرچ کیا کہ پولنگ اسٹیشن کس طرح چیک کیا جائے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں فروری 2024 میں عام انتخابات ہوئے تھے۔
تراکیب کی فہرست میں گوگل سرچ میں پاکستانیوں نے سب سے زیادہ بنانا بریڈ کی ترکیب سرچ کی جب کہ ٹیکنالوجی کے سیکشن میں چیٹ جی پی ٹی لوگن سب سے زیادہ سرچ میں رہا۔