پہلا ون ڈے: ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 4 وکٹ سے ہرادیا

فائل

ویسٹ انڈیز کی فتح میں مڈل آرڈر بلے باز جیسن محمد نے بنیادی کردار ادا کیا جنہوں نے 58 گیندوں پر 91 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں چار وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

جمعے کو گیانا میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے تھے۔

جواباً ویسٹ انڈیز نے 309 رنز کا مقررہ ہدف 49 اوور میں چھ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان کا 308 رنز کا اسکور گیانا کے پروویڈنس اسٹیڈیم پر کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور تھا لیکن یہ ریکارڈ اسکور بھی پاکستان کی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکا۔

ویسٹ انڈیز کی فتح میں مڈل آرڈر بلے باز جیسن محمد نے بنیادی کردار ادا کیا جنہوں نے 58 گیندوں پر 91 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ ان کی اس میچ وننگ اننگز میں 11 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر اور شاداب خان نے دو، دو جب کہ وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل میچ کے آغاز پر ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا لیکن کامران اکمل اور احمد شہزاد کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت میزبان ٹیم کو ٹاس کا فائدہ نہ ہوسکا۔

دونوں بیٹسمینوں نے اوپننگ وکٹ کی شراکت میں 85 رنز بنائے۔اس موقع پر کامران اکمل 47رنز کی شاندار اننگز کھیل کر احمد شہزاد کا ساتھ چھوڑ گئے۔

احمد شہزاد نے محمد حفیظ کے ساتھ مل کر رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور دوسری وکٹ کیلئے دونوں کھلاڑیوں نے 64رنز بناکر مجموعی اسکور 149تک پہنچا دیا۔ وکٹ کے درمیان دوڑتے ہوئے مس انڈراسٹینڈنگ کے باعث احمد شہزاد 67کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔

احمد شہزاد کے آؤٹ ہونے کے بعد حفیظ اور بابر اعظم نے مل کر اننگز کو آگے بڑھایا۔ اس دوران رنز بنانے کی رفتار بھی سست پڑگئی۔ بابر اعظم 21گیندوں پر صرف 13 رنز بناکر نرس کی گیند پر جوزف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک وکٹ پر آئے اور تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئےاسکور میں تیزی سے اضافہ کیا۔

محمد حفیظ تیزی سے اسکور کرنے کی کوشش میں 88 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ ان کی وکٹ بھی نرس کے حصے میں آئی۔ شعیب ملک صرف 38 گیندوں پر2 چوکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 53رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔سرفراز 20 اور عماد وسیم 6رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے ایشلے نرس نے 4اور جیسن ہولڈر نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

سیریز کا دوسرا میچ نو اپریل کو ہوگا۔