"باربی' وہ تازہ ترین فلم ہے جس پر ویت نام میں چین کی متنازعہ نائن ڈیش لائن کی عکاسی کرنے کی وجہ سے پابندی لگائی گئی ہے۔
غیر ملکی فلموں کو لائسنس دینے اور سینسر کرنے کے انچارج وارنر برادرز نے فوری طور پر تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
فلم باربی کے اس سین میں باربی کے پیچھے نظر آنے والے نقشے میں متنازع نائن ڈیش لائن ہے جس نے ایک فیشن ڈول" پر مبنی فلم کو ایک سیاسی تنازع میں بدل دیا۔
نائن ڈیش لائن کیا ہے؟
چین کے نقشوں پر U-شکل والی "نائن ڈیش لائن" کا استعمال بحیرہ جنوبی چین کے وسیع علاقوں پر اپنے دعوؤں کی وضاحت کے لیے کیا جاتا ہے۔ دوسری طرف ویت نام اس علاقے پر اپنے اقتدار اعلیٰ کا دعویٰ کرتا ہے، جہاں اس نے تیل کی مراعات بھی دی ہیں۔
ویت نام اور چین دونوں ہی طویل عرصے سے بحیرہ جنوبی چین میں ممکنہ طور پر توانائی سے بھرپور علاقے پر اپنے اقتدار اعلیٰ کے دعوے کرتے رہے ہیں۔
جنوب مشرقی ایشیائی ملک نے بارہا چینی بحری جہازوں پر اپنی خودمختاری کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔
دیگر فلمیں جو اس خطے کے ملکوں کے لیے متنازع تھیں
دلچسپ بات یہ ہے کہ ’باربی‘ پہلی فلم نہیں ہے جس پر ویت نام نے اس تنازع کی وجہ سے پابندی عائد کی ہے۔ اس سے پہلے 2019 میں ویت نام کی حکومت نے ڈریم ورکس کی اینی میٹڈ فلم "ابومین ایبل" کی نمائش کو بھی اسی وجہ سے ممنوع قرار دیا تھا جو تین بچوں کے ایسے ایڈونچر کی کہانی ہے جو برفانی مخلوق ’ییٹی‘ کو اس کے گھر پہنچانے کا بیڑہ اٹھاتے ہیں۔
لیکن اس میں بھی تنازعہ ایک نقشے نے ہی کھڑا کیا جس میں ’ نائن ڈیش لائن‘ نمایاں ہے اور اس کی وجہ سے فلپائن نے بھی اس پر پابندی عائد کر دی۔
پچھلے سال اسی وجہ سے اس ملک نے سونی کی ایکشن فلم "ان چارٹرڈ" پر پابندی لگا دی تھی اور نیٹ فلکس نے 2021 میں ایک آسٹریلوی جاسوس ڈرامے"پائن گیپ" میں سے نقشے کے بارے میں مناظر کو ملائیشیا، فلپائن اور ویت نام کی جانب سے اس طرح کے اعتراضات کے بعد نکال دیا تھا۔
صرف ویت نام کی بات نہیں ہے، فلپائن نے بحیرہ جنوبی چین میں چین کے نائن ڈیش لائن کے دعوے پر بین الاقوامی ٹریبونل کے سامنے مقدمہ دائر کیا تھا۔
2016 میں دی ہیگ کی عدالت کے بین الاقوامی ثالثی کے فیصلے میں نائن ڈیش لائن کو مسترد کر دیا گیا تھا۔ تاہم چین نے اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
اس رپورٹ کے لیے کچھ معلومات رائٹرز سے لی گئی ہیں۔