کراچی میں بدامنی کی وجوہات میں ناجائز اسلحہ اور منشیات سرفہرست ہیں جسے شہر کے اندر آنے یا اس کی بیرونِ شہر منتقلی روکنے کے لئے رینجرز نے داخلی و خارجی راستوں پر اسکیننگ اور سرویلینس سسٹم نصب کر دیا ہے۔
مقامی میڈیا کو بریفنگ کے دوران، رینجرز کے کرنل کلیم الٰہی نے بتایا کہ یہ نظام کراچی کو حیدرآباد اور ملک کے دیگر اہم شہروں سے ملانے والی اہم ترین شاہراہ پر واقع ٹول پلازہ پر نصب کیا گیا ہے۔
اس نظام کی بدولت ہر قسم کے ٹرک، کنٹینرز اور دیگر گاڑیوں کو اسکین کیا جا سکے گا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اسکینر کا سرویلینس سسٹم اس قدر جدید اور موجودہ وقت کے تقاضوں کے عین مطابق ہے کہ اس سے گاڑیوں کے ٹائرز میں بھی اگر کوئی چیز چھپی ہوئی ہو تو اس کا بھی آسانی سے پتہ لگایا جا سکتا ہے۔
اس اسکینر سے اسلحہ اور منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنادی جائے گی۔ کرنل کلیم الٰہی کاکہناہے کہ یہ سسٹم ٹرک نما اسکیننگ وہیکل ہے جسے4 افرادآپریٹ کرتے ہیں۔اسکیننگ وہیکل کی لمبائی چھ میٹر سے کچھ زیادہ ہے۔ ابتدائی طور پر تین اسیکننگ وہیکلز چین سے برآمدکی گئی ہیں۔