امریکہ طالبان کی جاری کردہ وڈیو کا جائزہ لے رہا ہے: اہل کار

ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر اہل کار کے بقول، ’’ہم غیر مشروط اور فوری طور پر تمام یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں‘‘

امریکی اہل کاروں کا کہنا ہے کہ وہ طالبان کی جاری کردہ وڈیو کا معائنہ کر رہے ہیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں اغوا ہونے والے امریکی اور آسٹریلیائی شہری نظر آ رہے ہیں۔

یہ وڈیو بدھ کے روز جاری کی گئی، جس میں دو افراد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر زور دسے رہے ہیں کہ اُن کی رہائی کے لیے وہ اسلام نواز باغی گروپ کے ساتھ مذاکرات کریں۔


ساٹھ برس کے امریکی، کیون کنگ اور48 برس کے آسٹریلیائی، ٹموتھی ویکز کابل میں ’امریکن یونیورسٹی آف افغانستان‘ میں تدریس سے وابستہ رہے ہیں، جنھیں گذشتہ اگست میں کیمپس کے قریب سے بندوق کی نوک پر اغوا کیا گیا۔

ٹرمپ انتظامیہ کے ایک سینئر اہل کار کے بقول، ’’ہم غیر مشروط اور فوری طور پر تمام یرغمالیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں‘‘۔

اُنھوں نے کہا کہ ’’امریکی حکومت اِس بات پر پُرعزم ہے کہ اُس کے شہری بخیر و خوبی لوٹ آئیں اور اپنے اہل خانہ سے آ ملیں، جس مقصد کے حصول کے لیے ہم اپنی حکومت کے اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں‘‘۔

اہل کار نے کہا کہ صیغہٴ راز کی ضروریات کے پیشِ نظر کوئی مزید بیان نہیں دیا جاسکتا۔