ویت نام سے تعلق رکھنے والے واحد رکن کانگریس این جوزف کاؤ بھی وسط مدتی امریکی انتخابات میں اپنی نشست سے محروم ہوگئے ہیں۔
منگل کی شام تقریر کرتے ہوئے اُنھوں نے اپنی شکست کو تسلیم کیا اور کہا کہ اپنے ضلع کی بہتر ی کے لیے ہرممکن کوششیں کی اور اُنھیں اس پر فخر ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ کامیاب ہونے والے اُمیدوار کیڈرک رچمنڈ کو یہ ذمہ داری خوشگوار انداز میں منتقل کردیں گے۔
کاؤ امریکی کانگریس میں ری پبلکن پارٹی کی نمائندگی کررہے تھے جس کے دوسرے اُمیداروں نے وسط مدتی انتخابات میں ملک بھر میں کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن وہ ضلع لوئزیانہ سے انتخاب لڑ رہے تھے جہاں حکمران ڈیموکریٹک پارٹی کی اکثریت ہے۔
کاؤ،جو ایک سابق امیگریشن وکیل ہیں، نے دو سال قبل اس نشست پر ایک ایسے وقت کامیابی حاصل کی تھی جب صدر اوباما کی ڈیموکریٹک پارٹی انتخابات میں ہر جگہ کامیابیا ں حاصل کرر ہی تھی۔ اُس وقت ان کے مد مقابل اُمیدوار پر بدعنوانی کے الزامات منظر عام پر آئے تھے۔