امریکہ: روزگار کی صورتِ حال میں بہتری

امریکی حکومت کی جانب سے جاری شدہ اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ ماہ فروری میں ملک میں بےروزگاری کی شرح جنوری کی سطح پر برقرار رہی ہے لیکن کاروباری اداروں میں ادا کی گئی تنخواہوں میں اضافہ ہوا ہے۔

امریکی محکمہ محنت کی جانب سے جمعہ کو جاری کی گئی ماہانہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ امریکی معیشت میں دو لاکھ 27 ہزار ملازمتوں کا اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں تصحیح کی گئی ہے کہ جنوری میں روزگار پانے والے افراد کی تعداد دو لاکھ 84 ہزار تھی جو پہلے بیان کردہ تعداد سے زیادہ ہے۔

لیکن رپورٹ کے مطابق ملک میں بےروزگاری جنوری کی 3ء8 فی صد کی شرح پہ برقرار ہے۔ اس سے قبل امریکہ میں بےروزگاری کی شرح میں گزشتہ پانچ ماہ سے کمی ریکارڈ کی جارہی تھی جو اس بات کا اشارہ تھا کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت بدترین عالمی کساد بازاری کے اثرات سے باہر آرہی ہے۔

فروری میں بےروزگاری کی شرح میں کمی نہ آنے کے بارے میں حکومت کا کہنا ہے کہ چوں کہ ملازمتوں کے نئے مواقع دستیاب ہورہے ہیں اس لیے بےروزگار افراد کی بڑی تعداد نے نوکریوں کی تلاش شروع کردی ہے جس کی وجہ سے یہ شرح برقرار رہی ہے۔

امریکی حکومت کے مطابق معیشت میں کم اور زیادہ آمدنی کے یکساں مواقع فراہم ہورہے ہیں اور پیشہ وارانہ اور کاروباری خدمات فراہم کرنے والے اداروں، صحتِ عامہ، سیر و تفریح کے شعبوں نے سب سے زیادہ ملازمتیں پیدا کی ہیں۔

وہائٹ ہا ؤس کے معاشی مشیران کی مجلس کے سربراہ ایلن کروگر نے روزگار کی صورتِ حال پر فروری کی رپورٹ کو اس بات کی علامت قرار دیا ہے کہ امریکی معیشت کی بحالی کا عمل جاری ہے۔