بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے ساتھ  جمہوری مستقبل کے لائحہ عمل پر مل کر کام کریں گے: امریکی محکمۂ خارجہ

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر ، فائل فوٹو

  • امریکہ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے ساتھ جمہوری مستقبل کے لائحہ عمل پر کام کرے گا: محکمہ خارجہ
  • امریکہ نئی عبوری حکومت کا خیرمقدم کرتے ہوئے جمہوریت کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی توقع رکھتا ہے۔ میتھیو ملر۔
  • بنگلہ دیش میں اعلیٰ ترین امریکی سفارت کار ہیلن لا فاو نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور وہ عبوری حکومت سے رابطے میں ہیں۔

امریکہ نے جمعرات کو بنگلہ دیش میں نوبل امن انعام یافتہ محمد یونس کی قیادت میں نئی عبوری حکومت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ جمہوریت کو آگے بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کی توقع رکھتا ہے۔

محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ "ہم حالیہ تشدد کے خاتمے کے لیے ڈاکٹر یونس کے مطالبے کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ہم عبوری حکومت اور ڈاکٹر یونس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں جب کہ وہ بنگلہ دیش کے عوام کے لیے ایک جمہوری مستقبل کا خاکہ تشکیل دے رہے ہیں۔ "

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں اعلیٰ ترین امریکی سفارت کار ہیلن لا فاو نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور وہ عبوری حکومت سے رابطے میں ہیں۔

یونس نے اس کے کئی روز بعد حلف اٹھایا جب سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ طلباء کی قیادت کے تحت ہونے والی ایک بغاوت کے بعد ملک سے فرار ہو گئیں۔

جمعرات کی شب حلف برداری کی تقریب بنگلہ دیشن کے ایوانِ صدر (بنگا بھبن) میں منعقد ہوئی جہاں بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے محمد یونس سے حلف لیا۔

ڈاکٹر محمد یونس کے علاوہ ان کی کابینہ نے ارکان نے بھی حلف اٹھایا جس میں طلبہ تحریک کے رہنما بھی موجود ہیں۔

SEE ALSO: ڈاکٹر محمد یونس نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

اس سے قبل ڈاکٹر یونس مقامی وقت کے مطابق دوپہر سوا دو بجے پیرس سے بذریعہ دبئی ڈھاکہ کے حضرت شاہ جلال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہچنے تو آرمی چیف جنرل وقار الزمان، طلبہ تحریک کے رہنماؤں سمیت دیگر اہم شخصیات نے ان کا استقبال کیا۔

ایئرپورٹ پر طلبہ کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر یونس نے کہا تھا کہ وطن واپس پہنچ کر خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ طلبہ نے ملک کو بچایا ہے اور اب ہمیں آزادی کی حفاظت کرنی ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے استعفے اور ملک سے فرار کے بعد ایک سازش کے تحت اقلیتوں پر حملے کیے گئے۔ اب ہمیں ملک میں امن اور استحکام کے لیے کام کرنا ہے۔

بنگلہ دیش کے عبوری وزیر اعظم محمد یونس اپنے حلف پر دستخط کر رہے ہیں ، فوٹو رائٹرز 8 اگست 2024

امریکہ کا حسینہ کے ساتھ ان کے 15 برس کے دور اقتدار میں بڑے پیمانے پر تعاون پر مبنی تعلقات تھے جن میں اس وقت کشیدگی پیدا ہوئی جب انہوں نے جمہوریت کے بارے میں اپنے ریکارڈ پر امریکہ کی تنقید پر برہمی کا مظاہرہ کیا۔

اس رپورٹ کا مواد اے ایف پی سے لیا گیا ہے۔