مصر میں نمازیوں پر حملہ، امریکہ کی ’’سخت ترین الفاظ میں‘‘ مذمت

ایک بیان میں، محکمہٴ خارجہ کی ترجمان، ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ ’’نمازیوں پر دہشت گرد حملہ شیطانیت پر مبنی اخلاقی احساس سے عاری حرکت ہے‘‘

امریکہ نے جمعے کے روز مصر کی ایک مسجد میں ہونے والے حملے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے، جس دہشت گرد واقع میں بہت سارے نمازی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں۔

ایک بیان میں، محکمہٴ خارجہ کی ترجمان نے کہا ہے کہ ’’نمازیوں پر دہشت گرد حملہ شیطانیت پر مبنی اخلاقی احساس سے عاری حرکت ہے‘‘۔

ہیدر نوئرٹ نے کہا ہے کہ ’’ہم ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ اور احباب سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں؛ جب کہ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے خواہاں ہیں‘‘۔

ترجمان نے کہا کہ ’’ایسے میں جب مصر دہشت گردی کی لعنت سے نبردآزما ہے، ہم مصر کے عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے‘‘۔

ادھر میڈیا اطلاعات کے مطابق، مصر کے سکیورٹی اہل کاروں نے بتایا ہے کہ جمعے کے روز جزیرہ نما سینائی کے شمالی حصے میں نماز جمعہ کے وقت عبادت گزاروں سے بھری ہوئی ایک مسجد پر عسکریت پسندوں کے حملے میں کم از کم 235 افراد ہلاک جب کہ 109 زخمی ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پُرتشدد انتہا پسند چار جیپوں میں ’الروضہ مسجد‘ آئے اور بم دھماکہ کرنے کے بعد نماز کی ادائیگی کے لیے آنے والوں کو اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا، جنہیں وہ سکیورٹی فورسز کا حامی سمجھتے ہیں۔ یہ واقعہ صوبائی دارالحکومت العرش کے قصبے بیر العبد میں پیش آیا۔