افغانستان: حملے میں ایک امریکی فوجی ہلاک، دو زخمی

فائل

امریکی مشن کے ترجمان کرنل مائیکل لو ہارن کے مطابق مرجاہ میں امریکی فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کو بھی تیکنیکی خرابی کے باعث کریش لینڈنگ کرنا پڑی ہے۔

افغانستان کےجنوبی صوبے ہلمند میں طالبان کے حملے میں ایک امریکی فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔

افغانستان میں تعینات امریکی فوجی دستوں کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ولسن شوفنر کی جانب سے منگل کو جاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوجی ہلمند کے علاقے مرجاہ میں جاری کارروائی کےدوران ہلاک ہوا۔

'پینٹاگون' حکام کے مطابق امریکی فوج کے خصوصی دستے مرجاہ کے علاقے میں جاری انسدادِ دہشت گردی کی ایک کارروائی کے دوران افغان فورسز کی معاونت کے لیے موجود تھے جب ان پر حملہ ہوا۔

امریکی نشریاتی ادارے 'این بی سی نیوز' نے دعویٰ کیا ہے کہ مرجاہ میں کارروائی کے دوران امریکی فوجیوں پر بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے شدید فائرنگ کی گئی۔

افغانستان میں مقامی فورسز کی معاونت کرنے والے امریکی مشن کے ترجمان کرنل مائیکل لو ہارن کے مطابق مرجاہ میں امریکی فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کو بھی تیکنیکی خرابی کے باعث کریش لینڈنگ کرنا پڑی ہے۔

'سی این این' نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے دوران زخمیوں کو علاقے سے نکالنے کے لیے بھیجے جانے والے ایک ہیلی کاپٹر کو مارٹر گولہ لگا جس کے باعث وہ پرواز کے قابل نہیں رہا۔

مرجاہ ہلمند کے ان کئی علاقوں میں سے ایک ہے جو گزشتہ کئی ماہ سے طالبان کے زیرِ اثر اور شدید حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔

ہلمند افغانستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے جس کے 14 میں سے 10 ضلعوں پر یا تو طالبان کا قبضہ ہے یا ان پر قبضے کے لیے طالبان اور سکیورٹی فورسز کے درمیان لڑائی اور جھڑپیں ہورہی ہیں۔

حالیہ ہفتوں کے دوران طالبان کے حملوں میں شدت اور ہلمند کے کئی علاقوں میں پیش قدمی کے باعث افغانستان میں نیٹو مشن نے گزشتہ ماہ صوبے میں افغان فورسز کی معاونت کے لیے امریکی اور برطانوی فوجی مشیران تعینات کردیے تھے۔

اس سے قبل منگل کو افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں ایک دھماکہ ہوا تھا جس سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

صوبائی انتظامیہ کے ایک ترجمان نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ دھماکہ اس علاقے کےنزدیک ہوا جہاں پاکستان، بھارت اور ایران سمیت مختلف ملکوں کے قونصل خانے قائم ہیں۔

شدت پسندوں نے اتوار کو افغانستان کے شمالی شہر مزارِ شریف میں واقع بھارتی قونصل خانے پر بھی حملہ کرنے کی کوشش کی تھی جو ناکام رہی تھی۔