کیلی فورنیا: امدادی کام، امریکی مسلمانوں کی ’فنڈ ریزنگ‘

طارق المصیدی فنڈ اکٹھا کرنے کی اِس مہم کے سربراہ ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اِس مہم کا دوسرا ہدف یہ ہے کہ لوگوں کو بتایا جائے کہ امریکی مسلمان امریکی معاشرے کا متحرک طبقہ ہیں

گذشتہ ہفتے کیلی فورنیا کے شہر سان برنارڈینو میں ہونے والی شوٹنگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کی امداد کے لیے امریکی مسلمانوں نے فنڈ اکٹھا کرنے کی ایک مہم شروع کی ہے، جس میں اب تک تقریباً 175000 ڈالر جمع ہو چکے ہیں۔

یہ مہم سان برنارڈینو کی بغیر نفع نقصان کی بنیاد پر قائم ایک نجی تنظیم نے شروع کی ہے، جس کی نگرانی نیورولوجسٹ، فیصل قاضی کر رہے ہیں۔ ’مسلمز یونائٹڈ فور سان برنارڈینو‘ کے نام سے چلائی جانے والی اس مہم کا انتظام ایک مقامی آن لائن مہم ’لانچ گُڈ‘ نامی ویب سائٹ کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔

یہ تنظیم امریکہ اور بیرون ملک مسلمانوں کی امداد کے لیے مہم چلاتی رہتی ہے۔


ایسے میں جب فنڈ جمع کرنے کی مہم کے ابتدائی اہداف پورے ہونے کو ہیں، قاضی اور اُن کے احباب نے اس کاوش کو ملکی سطح پر وسعت دے دی ہے، جس کے بعد ’لانچ گُڈ‘ ویب سائٹ کے لیے عطیے کی رقم ڈرامائی طور پر بڑھ گئی ہے، جن میں امریکی مسلمانوں کی بہبود کے لیے کام کرنے والے گروپوں نے بڑھ چڑھ کر رقوم دینا شروع کی ہیں۔

طارق المصیدی فنڈ اکٹھا کرنے کی اِس مہم کے سربراہ ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ اِس مہم کا دوسرا ہدف یہ ہے کہ لوگوں کو بتایا جائے کہ امریکی مسلمان امریکی معاشرے کا متحرک طبقہ ہیں۔

امریکہ میں جنم لینے والے ایک مسلمان فرد اور اُن کی پاکستان میں پیدا ہونے والی بیوی نے گذشتہ ہفتے معذوروں کے فلاح و بہبود کے ایک مرکز میں، جو سرکاری وسائل سے چلایا جاتا ہے، گولیاں چلائی تھیں، جس میں 14 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے تھے۔