امریکہ نے کہا ہے کہ وہ یوکرین اور 18 دوسر ے یورپی ملکوں کو جنہیں روسی جارحیت سے خطرہ لاحق ہے،دو اعشاریہ دو ارب اور 67 کروڑ ڈالر کی طویل مدتی فوجی امداد دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے کیف کا یہ دورہ ،جس کا پہلے سے اعلان نہیں کیا گیا تھا، روس کے خلاف جنگ کے بارے میں مدد کا اعلان کرنے اور یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی سے روس کے خلاف جنگ پر بات چیت کرنے کے لیے کیا ہے۔ یہ جنگ اب اپنے ساتویں مہینے میں ہے۔
بلنکن نے زیلنسکی سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا، "یوکرین کے غیر معمولی فرنٹ لائن محافظ اپنے ملک کی آزادی کے لیے بہادری کے ساتھ مسلسل لڑ رہے ہیں۔" امریکہ کے اعلیٰ ترین سفارت کار نے صدر جو بائیڈن کے اس عزم کا اعادہ کیا " کہ یوکرین کو جب تک ضرورت ہو گی امریکہ اس کی مدد کرے گا۔"۔
بلنکن نے کہا، "میں نے آج صدر زیلنسکی اور ان کی ٹیم کے لیے کیف میں ، جو ایک خودمختار، آزاد یوکرین کا دارالحکومت ہے اور رہے گا، اس پیغام کا اعادہ کیا "۔
زیلنسکی نے یوکرین کی " اپنی سرزمین اور زمینوں کی واپسی " میں مدد کرنے پر بائیڈن اور امریکی کانگریس کی تعریف کرتے ہوئے، امریکہ کی طرف سے یوکرین کو بھیجی گئی "زبردست مدد" پر شکریے کا اظہار کیا۔
SEE ALSO: امریکی وزیر خارجہ کا یوکرین کا غیر اعلانیہ دورہ، مزید امداد کا اعلاننئی امریکی امداد کے بعد ،گزشتہ سال جنوری میں بائیڈن کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے، یوکرین کےلیے اس کی مجموعی امداد 15 اعشاریہ دو ارب ڈالر تک ہو جائے گی۔ 675 ملین ڈالر کی فوجی امداد میں بھاری ہتھیار، گولہ بارود اور بکتر بند گاڑیاں شامل ہیں۔
بلنکن نے کہا کہ دو اعشاریہ دو ارب ڈالر کی طویل مدتی امداد سے "یوکرین اور اس کے 18 پڑوسیوں کی سلامتی کو تقویت ملے گی، جن میں ہمارے نیٹو کے بہت سے اتحادیوں کے ساتھ ساتھ دوسرے علاقائی سیکیورٹی شراکت دار شامل ہیں جنہیں ممکنہ طور پر مستقبل میں روسی جارحیت کا خطرہ لاحق ہے۔"
ایک الگ بیان میں، امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ یہ امداد ان ملکوں کو ،نیٹو کے ساتھ اپنے فوجی انضمام کو تقویت دے کر "اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف ابھرتے ہوئے خطرات سے بچنے اور دفاع میں مدد کرے گی ۔
محکمہ خارجہ نے کہا کہ کانگریس کی متوقع منظوری تک، دو اعشاریہ دو ارب ڈالر میں سے تقریباً ایک ارب ڈالر یوکرین کو دیے جائیں گے اور باقی البانیہ، بوسنیا، بلغاریہ، کروایشیا، جمہوریہ چیک، ایسٹونیا، جارجیا، یونان، کوسوو، لٹویا، لتھوانیا، مالڈووا، اور مونٹی نیگرو، شمالی مقدونیہ، پولینڈ، رومانیہ، سلوواکیہ اور سلووینیا میں تقسیم کئے جائیں گے۔
SEE ALSO: یوکرین اپنی سرزمین کے لئے آخری لمحوں تک لڑے گا, زیلنسکیکیف میں، زیلنسکی اور دیگر یوکرینی حکام سے ملاقات سے قبل ، بلنکن نے امریکی سفارت خانے اور پھر نیشنل سپیشلائزڈ چلڈرن ہسپتال اوہمتڈیٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے روسی بمباری کے دوران زخمی ہونے والے لڑکوں اور لڑکیوں کو دیکھا، جن میں ایک 6 سالہ لڑکی مارینا بھی شامل تھی جس کی ایک ٹانگ اپنے گھر پر راکٹ لگنےسے ضائع ہو گئی تھی۔
ادھرنیو یارک میں، روس نے یوکرین کے لیے فوجی مدد بھیجنے پر مغرب پر تنقید کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا ہے۔
سفیر واسیلی نیبنزیا نے کہا "نیٹو بنیادی طور پر کیف کو جنگ کے تھیٹر میں براہ راست ہدایت کرتا ہے،" ۔
انہوں نے کہا کہ نئے ہتھیار افواج کے توازن کو نہیں بدلیں گے اور صرف زیلینسکی حکومت کی اذیت میں اضافہ کریں گے۔
اس پورٹ میں کچھ مواد اے پی سے لیا گیا ہے۔