سعودی بادشاہ آئندہ ہفتے امریکہ کا دورہ کریں گے: ترجمان

وائٹ ہاؤس ترجمان نے جمعرات کو بتایا کہ یہ دورہ چار ستمبر کو ہوگا، اور یہ کہ ’دورے سے امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے‘

سعودی بادشاہ سلمان اگلے ہفتے امریکی صدر براک اوباما سے ملاقات کریں گے، جس دوران، مشرق وسطیٰ کے متعدد معاملات پر بات چیت متوقع ہے۔

اِس بات کا اعلان وائٹ ہاؤس کے ترجمان، جوش ارنیسٹ نے جمعرات کو کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ دورہ چار ستمبر کو ہوگا، اور یہ کہ ’دورے سے امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے‘۔

ارنیسٹ نےبتایا کہ دونوں رہنما اُس طریقہٴکار پر دھیان مرکوز کریں گے جس کے باعث دونوٕ ملکوں کے تعلقات کو مضبوط کیا جا سکے، جس سلسلے میں، بقول اُن کے، ’مشترکہ سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے ضمن میں ہماری کوششیں شامل ہیں‘۔

اُنھوں نے کہا کہ مسٹر اوباما اور شاہ سلمان یمن اور شام میں جاری جنگ و جدل کے بارے میں بھی گفتگو کریں گے، اور ساتھ ہی ساتھ، ’ایران کی جانب سے خطے میں عدم استحکام کی کوششوں کےانسداد کا اقدام کرنا‘ شامل ہوگا۔

سعودی عرب جسے مشرق وسطیٰ میں ایرانی اثر و رسوخ کا سامنا ہے، وہ ایران کو جوہری ہتھیار تشکیل نہ دینے کے سلسلے میں بین الاقوامی معاہدے کی حمایت کرتا ہے، جس کے عوض ایران پر اقوام متحدہ اور مغربی ملکوں کی جانب سے عائد کردہ تعزیرات اٹھالی جائیں گی، جن کے نتیجے میں ایران کی معیشت پر کاری ضرب پڑی ہے۔