امریکہ کی طرف سے داعش کے دو 'سہولت کاروں' پر پابندیاں عائد

فائل فوٹو

محمد السعید الحمدن اور عصام جاموس کو امریکہ کے محکمہ خزانہ نے داعش کے لیے  مالی وسائل کی فراہمی میں سہولت کار قرار دیا ہے۔

امریکہ کی حکومت نے جمعرات کو ان دو افراد پر تعزیرات عائد کی ہیں جن کی شناخت شدت پسند تنظیم داعش کے لیے مالی معاونت کرنے والے سہولت کاروں کے طور پر کی گئی ہے۔

محمد السعید الحمدن اور عصام جاموس دونوں ترکی میں مقیم ہیں، جنہیں امریکہ کے محکمہ خزانہ نے داعش کے لیے مالی وسائل کی فراہمی میں سہولت کار قرار دیا ہے۔

اس اقدام کے بعد ان کے امریکہ میں موجود اثاثوں اور مفادات کو امریکہ کی عدالتوں کے فیصلوں کے تابع کر دیا گیا ہے اور ان پر امریکہ میں کسی کے ساتھ بھی لین دین پر بھی پابندی ہو گی۔

محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ الحمدان نے انتہا پسند داعش کے لیے ہزاروں ڈالر کی ترسیل اور غیر ملکی جنگجوؤں کو بھرتی کرنے اور لاجسٹک اسپورٹ فراہم کرنے میں سہولت کار کا کردار ادا کیا۔

بتایا گیا ہے کہ جاموس بھی مبینہ طور پر غیر ملکی جنگجوؤں کی نقل و حرکت میں داعش کے شدت پسندوں کے لیے مالی معاملات میں رابطہ کار کا کردار ادا کرتا رہا۔

محکمہ خزانہ کی طرف سے جمعرات کو جاری ہونے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’’آ ج کی کارروائی داعش کے مالی معاملات منقطع کرنے کی محکمہ خزانہ کی کوششوں کا تازہ ترین قدم ہے۔‘‘