ڈیوڈ پیٹریئس کی ’معافی‘

ڈیوڈ پیٹریئس

اس معذرت کا کھلے عام پہلی مرتبہ اظہار پیٹریئس نے منگل کی شب لاس اینجلیس میں سابق اور نئے فوجیوں کے ایک گروپ کے سامنے اپنی تقریر میں کیا۔
امریکی سی آئی اے ’سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی‘ کے سابق ڈائریکٹر ڈیوڈ پیٹریئس نے اپنے اُن غیر ازدواجی تعلقات پر پہلی مرتبہ کھلے عام معافی مانگی جو اُن کے استعفے کی وجہ بنے اور اُن کی ساکھ کو متاثر کیا۔

اس معذرت کا اظہار پیٹریئس نے منگل کی شب لاس اینجلیس میں سابق اور نئے فوجیوں کے ایک گروپ کے سامنے اپنی تقریر میں کیا۔

گزشتہ سال نومبر میں سی آئی اے کا عہدہ چھوڑنے کے بعد وہ پہلی مرتبہ کسی عوامی تقریب میں شریک ہوئے اور تقریر کی۔

اُن کی سوانح عمری لکھنے والی پالا براڈ ویل سے تعلقات پیٹریئس کے مستعفی ہونے کی وجہ بنے۔

امریکہ کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ’ایف بی آئی‘ نے پالا براڈ ویل کی طرف سے پیٹریئس کی اہلیہ اور ایک دوسری خاتون کو دھمکی آمیز ای میل بھیجنے کی تحقیقات کے دوران سی آئی اے کے سابق سربراہ اور پالا کے درمیان تعلقات کا انکشاف کیا تھا۔

سی آئی اے کا سربراہ بننے سے قبل ڈیوڈ پیٹریئس عراق اور افغانستان میں بطور فوجی کمانڈر ذمہ داریاں نبھا چکے تھے۔