امریکہ کی طرف سے پاکستان کو سیسنا طیارے کی فراہمی

فائل فوٹو

امریکی سفارت خانے کے بیان کے مطابق ’’جب امریکہ اور پاکستان مل کر دہشت گردی کی روک تھام کے لیے جدوجہد کرتے ہیں تو وہ زیادہ مضبوط ہوتے ہیں۔‘‘

امریکہ کے محکمہ دفاع کی طرف سے پاکستانی فوج کو ایک اور سیسنا طیارہ فراہم کیا گیا ہے۔

جمعہ کو اسلام آباد میں امریکہ سفارتخانے سے جاری ایک بیان کے مطابق امریکی محکمہ دفاع کے نمائندہ دفتر کی طرف سے یہ طیارہ پاکستان کے سپرد کیا گیا۔

بیان میں کہا گیا کہ نومبر 2016ء سے اب تک پاکستانی فوج چھ سیسنا طیارے حاصل کر چکی ہے جن میں سے دو "سیسنا 208 کیراوان" اور چار "سیسنا 206 ایچ" شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ان طیاروں کے ذریعے طبی، فوجی اور عسکری ساز و سامان کی محدود نقل و حرکت سے پاکستانی فوج کی صلاحیتیں بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

امریکی سفارت خانے کے بیان کے مطابق پاکستانی فوج کی ایوی ایشن کمانڈ نے سیسنا طیاروں کے اس عطیے پر امریکہ کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان اور امریکہ کے درمیان دفاع کے شعبے میں طویل عرصے سے تعاون رہا ہے اور امریکہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی عسکری اعانت سے پاکستان کی افواج کی دہشت گردی سے نمٹنے کی صلاحیتوں میں بہتری آئی ہے۔

امریکی سفارت خانے کے بیان کے مطابق ’’جب امریکہ اور پاکستان مل کر دہشت گردی کی روک تھام کے لیے جدوجہد کرتے ہیں تو وہ زیادہ مضبوط ہوتے ہیں۔‘‘

مسلح افواج کے علاوہ پاکستان کے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے بھی امریکہ پاکستان کو جدید آلات اور سامان فراہم کرتا رہا ہے۔