خلائی اسٹیشن میں ایمونیا پمپ کی تنصیب کی تیاری

خلائی اسٹیشن میں ایمونیا پمپ کی تنصیب کی تیاری

امریکہ کے خلائی تحقیق کے ادارے ناسا کے خلاء باز پیر کو تیسری مرتبہ خلا میں چہل قدمی کرتے ہوئے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے ایک ناقص کولنگ سسٹم کو تبدیل کریں گے۔

یہ کام امریکی خلا باز ڈگ ویل لاک اور ٹریسی کالڈویل سر انجام دیں گے اور اُس ایمونیا پمپ کو تبدیل کیا جائے گا جس نے 31 جولائی کو کام کرنا بند کردیا تھا۔

اس پمپ کے ذریعے فراہم کی جانے والی ایمونیا گیس بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے برقی اور پرواز کے نظام میں مناسب درجہ حرارت کو برقرار رکھتی ہے۔ پمپ خراب ہونے سے خلائی اسٹیشن کو ٹھنڈا رکھنے والانظام بھی 50 فیصد بند ہو گیا تھا۔

دونوں خلا بازوں نے گذشتہ ہفتے ٹوٹے ہوئے پمپ کو ہٹا دیا تھا۔ توقع ہے کہ مرمت کے کام کے لیے دونوں خلا باز تقریباََ ساڑھے چھ گھنٹے خلا میں چہل قدمی کریں گے۔ ناسا کا کہنا ہے کہ خراب پمپ کی وجہ سے بین الاقوامی خلائی سٹیشن پر موجود تین امریکیوں اور تین روسی شہریوں کی زندگیوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔