لیبیا: مشترکہ فضائی کارروائی میں القاعدہ کا سرغنہ ہلاک

فائل

امریکی فوج نے بدھ کے روز بتایا کہ ہفتے کو لیبیا کے جنوب مغربی علاقے کے عبری نامی قصبے میں امریکہ اور لیبیا کی مشترکہ فضائی کارروائی میں القاعدہ کے شدت پسند گروپ کے ایک اعلیٰ سطحی راہنما ہلاک ہوئے۔

امریکہ کی افریقی کمان کے مطابق، موسیٰ ابو داؤد، جو لیبیا کے اسلامی مغرب کے علاقے میں القاعدہ کے ارکان کو تربیت فراہم کیا کرتا تھا، ہلاک ہونے والے القاعدہ کے دو شدت پسندوں میں سے ایک تھا۔

کمان نے بتایا کہ رنگروٹوں کی تربیت کے علاوہ، داؤد اسلامی مغرب میں القاعدہ کو ہتھیاروں، نظم و نسق اور مالی حمایت فراہم کیا کرتا تھا۔

کمان نے بتایا کہ اسلامی مغرب میں القاعدہ کو حاصل داؤد کی حمایت کے نتیجے میں خطے میں گروپ امریکہ اور مغربی مفادات پر حملے کیا کرتا تھا۔

مئی 2016ء میں، امریکہ نے داؤد کو خصوصی عالمی دہشت گرد فہرست میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس فہرست میں اُن دہشت گردوں کو شامل کیا جاتا ہے جو تشدد کی کارروائیوں میں شریک رہے ہیں، جن سے دہشت گردی کا خطرہ لاحق ہے یا امریکہ کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔