شام کی صورتحال پر نظر رکھنے والی تنظیم نے کہا ہے کہ شام میں امریکہ کی زیرقیادت اتحادی افواج کی سات ہفتوں سے جاری فضائی کارروائیوں میں ہلاکتوں کی تعداد 860 ہوگئی ہے جن میں اکثریت دولت اسلامیہ کے شدت پسندوں کی ہے۔
برطانیہ میں قائم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بدھ کو بتایا کہ ان میں 50 عام شہری بھی مارے گئے اور ہلاکتوں کی اصل تعداد کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔
امریکہ اور اس کے اتحادی ملکوں نے ستمبر کے اواخر میں شام میں دولت اسلامیہ کے اہداف کو نشانہ بنانا شروع کیا تھا جب کہ عراق میں یہ کارروائیاں پہلے ہی شروع کی جاچکی تھیں۔
سنی شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ نے عراق اور شام کے مختلف حصوں پر قبضہ کر رکھا ہے اور وہاں کی صورتحال کے باعث لاکھوں افراد ان علاقوں سے نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔
امریکی سنٹرل کمانڈ کی طرف سے جاری کیے گئے اعدادو شمار سے پتا چلتا ہے کہ اتحادیوں نے شام میں 350 اور عراق میں 450 فضائی کارروائیاں کی ہیں۔
متعدد کارروائیوں میں القاعدہ سے منسلک النصرہ فرنٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
سیریئن آبزرویٹری کے مطابق النصرہ کے کم از کم 68 ارکان اب تک ان میں مارے جا چکے ہیں۔