یوکرین میں امریکہ کی زیر قیادت فوجی مشقوں کا اعلان

یہ مشقیں یوکرین کے علاقے یاووریف میں 15 سے 26 ستمبر تک جاری رہیں گی جن میں 15 ملکوں کے 1300 فوجی شریک ہوں گے۔ 200 امریکی فوجی بھی اس میں شامل ہوں گے۔

امریکہ کے محکمہ دفاع نے یوکرین میں کثیر الملکی فوجی مشقوں کا اعلان کیا ہے۔

امریکہ کی قیادت میں یہ مشقیں رواں ماہ ہی مغربی یوکرین میں شروع ہوں گی اور رواں برس مارچ میں یوکرین کے علاقے کرائمیا کی روس میں شمولیت کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ امریکہ کی زمینی فوج اس ملک میں آرہی ہیں۔

"ریپڈ ٹرائیڈنٹ" نامی یہ مشقیں یوکرین کے علاقے یاووریف میں 15 سے 26 ستمبر تک جاری رہیں گی جن میں 15 ملکوں کے 1300 فوجی شریک ہوں گے۔ 200 امریکی فوجی بھی اس میں شامل ہوں گے۔

پینٹا گون کے ترجمان کرنل اسٹیو وارن کا کہنا ہے کہ اس مشق سے امریکہ، یوکرین اور دیگر شریک ممالک کے درمیان مل کر کام کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔

"یہ امن کو برقرار رکھنے کی مشق ہے۔ اس میں دیسی ساختہ بموں سے نمٹنے، قافلے اور گشت کے امور شامل ہوں گے۔"

ان مشقوں میں جو امریکی فوجی حصہ لے رہے ہیں ان کا تعلق 173 ائربورن بریگیڈ سے ہے جو اس وقت اٹلی میں تعینات ہے۔

دیگر ممالک میں کینیڈا سے لے کر اسپین اور لیٹویا تک کے ممالک شامل ہیں۔

اس مشقوں سے پہلے امریکہ یوکرین کے ساتھ مل کر آٹھ سے دس ستمبر تک بحیرہ اسود میں فوجی مشق کرے گا جس میں 280 امریکی اہلکار حصہ لے رہے ہیں جب کہ سی بریز نامی اس مشق میں ترکی، جارجیا اور رومانیہ کے اہلکار بھی شامل ہوں گے۔